انٹرنیٹ کے ذریعے مصنوعات اور دیگر اشیا فروخت کرنے والی کمپنی ایمزان نے برطانیہ میں صارف کے پاس پہلی بار ڈرون کے ذریعے سامان پہنچایا۔
ڈرون اپنے ساتھ جو سامان لے کر گیا تھا اس میں ایمزان کا فائر ٹی وی اور بھنی ہوئی مکئی کا ایک پیکٹ شامل تھا۔ یہ سامان برطانیہ کے کیمبرج کے علاقے میں ایک صارف تک پہنچایا گیا۔
ایمزان کے سی ای او جیف بیزوز کی ایک ٹویٹ میں بتایا گیا ہے کہ آرڈر موصول ہونے کے 13 منٹ کے اندر اس کی مطلوبہ اشیا صارف کے پاس پہنچ گئیں۔
اگرچہ یہ تجربہ کامیاب رہا ہے لیکن بڑے پیمانے پر ڈرون کے ذریعے آرڈر کی ترسیل میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔ اس وقت ایمزان کے صارفین کی فہرست میں محض دو ایسے گاہک ہیں جنہوں نے فضائی ذریعے سے سامان منگوانے کے لیے اپنے نام کا اندراج کرایا ہے۔
برطانیہ میں ڈرون کے ذریعے ڈلیوری کا پہلا تجربہ حیران کن نہیں ہے کیونکہ ایمزان نے پچھلے سال گرمیوں میں یہ اعلان کیا تھا کہ اس نے حکومت سے ڈرون کے ذریعے گاہکوں تک سامان بھجوانے کے تجربے کی اجازت حاصل کر لی ہے۔
اگرچہ امریکہ میں بھی ڈلیوری کے لیے ڈرون کا تجربہ کیا جا چکا ہے لیکن امریکہ کے سخت تر قوانین کی وجہ سے ایمزان کے لیے یہ سلسلہ شروع کرنا دشوار ہے۔
امریکہ میں ڈرون کے ذریعے سامان بھیجنے کا پہلا تجربہ اس سال سیون الیون ڈرون نے ریاست نیواڈ میں رینو کے مقام پر چکن سنیڈوچ، کافی اور ڈونٹ ایک گاہک تک پہنچائے تھے۔
جن دوسری کمپنیوں نے ڈرون سے سامان بھجوانے کے تجربات کیے لیں ان میں گوگل اور وال مارٹ شامل ہیں۔