رسائی کے لنکس

ملائیشیا کی تاریخ کی سب سے بڑی منشیات کی کھیپ پکڑی گئی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

ملائیشیا میں سکیورٹی اہلکاروں نے ملکی تاریخ کی سب سے بڑی منشیات کی کھیپ اپنے قبضے میں لیتے ہوئے متعدد ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ بھاری مقدار میں منشیات مبینہ طور پر پاکستان اور جنوبی امریکہ کے ایک ملک ایکواڈور سے ملائیشیا پہنچائی گئی تھیں۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق ملائیشیا میں پولیس اور کسٹم حکام نے رواں ہفتے تین ہزار 700 کلو کیٹامائن اور کوکین اپنے قبضے میں لی ہیں جسے ملائیشیا کی تاریخ میں پکڑی گئی اب تک کی سب سے بڑی منشیات کی کھیپ قرار دیا جا رہا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ضبط کی گئی منشیات کی مالیت ایک کروڑ 61 لاکھ ڈالر سے زائد ہے جب کہ منشیات کی اسمگلنگ کے الزام میں غیر ملکیوں سمیت 13 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

ملائیشیا کے محکمہ کسٹم کے ڈائریکٹر جنرل پیڈی عبد الحلیم نے ’رائٹرز‘ کو بتایا ہے کہ پولیس اور کسٹم حکام نے 18 اگست کو دارالحکومت کوالالمپور کے مضافات میں ایک مشترکہ کارروائی کی۔

حکام کا کہنا ہے کہ منشیات کے خلاف دو مختلف کارروائیوں میں پکڑی جانے والی منشیات ملکی تاریخ کی سب سے بڑی کھیپ ہے۔ (فائل فوٹو)
حکام کا کہنا ہے کہ منشیات کے خلاف دو مختلف کارروائیوں میں پکڑی جانے والی منشیات ملکی تاریخ کی سب سے بڑی کھیپ ہے۔ (فائل فوٹو)

عبد الحلیم کے مطابق منشیات کے خلاف کارروائی کے لیے ایک دکان پر چھاپہ مارتے ہوئے 467 کلو گرام کیٹامائن نامی منشیات برآمد کی گئی جو بوریوں میں بھر کر رکھی گئی تھی۔ چھاپے کے مقام سے چند مشتبہ افراد کو بھی گرفتار کیا گیا۔

ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ گرفتار افراد سے تحقیقات میں منشیات کی ایک اور بڑی کھیپ کا انکشاف ہوا جس کے بعد حکام نے ایک اور دکان پر چھاپہ مارا جہاں سے 3200 کلو گرام کوکین کی بھاری مقدار برآمد کی گئی۔

انہوں نے شُبہ ظاہر کیا ہے کہ کیٹامائن پاکستان سے ملائیشیا لائی گئی تھی جب کہ کوکین ایکواڈور سے اسمگل ہو کر ملائیشیا پہنچائی گئی تھی۔

عبد الحلیم کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ منشیات کو ملائیشیا سے کسی تیسرے ملک برآمد کیا جانا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ دونوں کارروائیوں میں نو غیر ملکیوں اور چار مقامی افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جن سے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

منشیات کی مالیت کے بارے میں بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پکڑی گئی منشیات کی مالیت ایک کروڑ 61 لاکھ ڈالرز سے زائد ہے جو ملائیشیا کی کرنسی میں چھ کروڑ 76 لاکھ رنگٹ بنتے ہیں۔

واضح رہے کہ ملائیشیا کو غیر قانونی منشیات کی ترسیل کا ایک اہم ٹرانزٹ پوائنٹ قرار دیا جاتا ہے۔ گزشتہ سال بھی ملائیشیا کے حکام نے منشیات کے خلاف آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں کرسٹل میتھا مفیٹامائن نامی منشیات ضبط کی تھی۔

XS
SM
MD
LG