پاکستان کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن آسٹریلیا کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 303 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور یوں پاکستان کو 151 رنز کی سبقت حاصل ہو گئی ہے۔
جمعہ کو دبئی میں کھیلے جانے والے میچ کے تیسرے دن آسٹریلیا نے اپنی اننگز بغیر کیس نقصان کے 119 رنز سے دوبارہ شروع کی۔
وارنر نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاندار سینچری اسکور کی لیکن وہ یاسر شاہ کی گیند پر 133 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
آسٹریلیا کی جانب سے راجرز 38، جانسن 37 اور اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے مارش 27 رنز بنا سکے۔
پاکستان کی طرف سے یاسر شاہ نے تین، ذوالفقار بابر اور راحت علی نے دو، دو وکٹیں جب کہ محمد حفیظ اور عمران خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان نے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے 454 رنز بنائے تھے۔
اس اننگز کی خاص بات یونس خان اور سرفراز احمد کی سینچریاں تھیں۔
متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانے والی کرکٹ سیریز میں پاکستان آسٹریلیا کے خلاف ایک ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز پوری طرح سے ہار چکا ہے۔