سہیل انجم
دبئی پولیس نے بالی ووڈکی اداکارہ شری دیوی کی میت کو ممبئی لانے کی اجازت دے دی۔ اس سلسلے میں ایک خط بھارتی سفارت خانے کو سونپا گیا اور این او سی بھی دی گئی۔ ان کی میت ان کے شوہر بونی کپور اور بیٹے ارجن کپور لے کر ممبئی آ رہے ہیں۔ توقع ہے کہ وہ رات میں ممبئی پہنچ جائیں گے۔
اس سے قبل دبئی کے سرکاری وکیل نے موت کی تفصیلی جانچ کی۔ اس نے فورنسک رپورٹوں کے حوالے سے بتایا کہ ان کی موت باتھ ٹب میں حادثاتی طور پر ڈوبنے سے ہوئی ہے۔
رپورٹ کے ساتھ فورنسک رپورٹ بھی منسلک ہے جس پر متحدہ عرب امارات کی وزارت صحت کی مہر ثبت ہے۔ تحقیقات مکمل ہو جانے کے بعد کیس بند کر دیا گیا۔
دبئی حکومت کے میڈیا دفتر سے سرکاری وکیل کی جانب سے میت لے جانے کی اجازت دینے کے متعلق بتایا گیا ہے۔ ٹویٹ میں کہا گیا کہ ایسے معاملات میں جن ضابطوں کی پابندی کرنی ہوتی ہے ان تمام ضابطوں کی پابندی کی گئی۔
رپورٹوں کے مطابق انہیں ایک پرائیویٹ طیارے سے ممبئی لایا جا رہا ہے۔
ان کی موت کی تحقیقات کرنے والی پولیس نے ہوٹل کے کمرے میں چھان بین کی اور اسے سیل کر دیا۔ سری دیوی کی کالز کی تفصیلات کی بھی چھان بین کی گئی اور ہوٹل کے عملہ سے بھی پوچھ گچھ کی گئی۔ پولیس نے بونی کپور کا بیان بھی لیا۔
متحدہ عرب امارات کے قانون کے مطابق اگر کسی کی موت اسپتال کے باہر ہوتی ہے تو اس معاملے کی پوری تحقیقات کی جاتی ہے۔
سری دیوی کی میت ممبئی میں ان کے گھر لے جائی جائے گی جہاں بدھ کے روز ان کے اعزا، دوست احباب اور پرستار انہیں خراج عقیدت پیش کریں۔ اس کے بعد ان کی آخری رسوم ادا کر دی جائیں گی۔