رسائی کے لنکس

شاہ رخ کی ’ڈنکی‘ کا انتظار؛ مداحوں نے پہلا شو دیکھنے کے لیے سنیما ہی بک کرا لیا


بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کی فلم 'ڈنکی' کی ریلیز میں ابھی چند روز باقی ہیں اور مداحوں کی جانب سے فلم کا بے صبری سے انتظار کیا جا رہا ہے۔

'ڈنکی' کی ایڈوانس بکنگ کا آغاز ہو چکا ہے۔ شاہ رخ خان کے ایک فین کلب 'ٹیم شاہ رخ خان چھتیس گڑھ' پہلے دن کے شو کے لیے پورا آڈیٹوریئم بُک کرا لیا۔

فین کلب نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ویڈیو بھی شیئر کی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ انہوں نے آڈیٹوریئم بُک کرانے کے بعد کیک بھی کاٹا۔

شاہ رخ خان کے ایک اور فین کلب 'ایس آر کے یونیورس' کی جانب سے ممبئی کے 'گائیتی گیلیکسی' سنیما میں صبح کے 5:55 منٹ پر پہلے شو کا اہتمام کرایا ہے۔

گائیتی کیلیکسی کی تاریخ میں ایسا پہلی بار ہو گا کہ کوئی شو صبح 5:55 منٹ پر رکھا گیا ہو۔

بھارتی اخبار 'انڈیا ٹوڈے' کے مطابق سنیما ہال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عام طور پر پہلا شو دوپہر کے 12 بجے لگایا جاتا ہے۔

اس سے قبل بھی فین کلب 'ایس آر کے یونیورس' نے 'پٹھان' اور 'جوان' کی علی الصباح اسکریننگ کا اہتمام کیا تھا۔

'ڈنکی' 21 دسمبر کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی اور اس کا مقابلہ تیلگو فلموں کے مشہور اداکار پرابھاس کی فلم 'سالار' سے ہوگا۔ سالار 22 دسمبر کو ریلیز ہو رہی ہے۔

'انڈین ایکسپریس' نے میڈیا کمپنی 'سیک نلک' کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ 'سالار' کے 3.58 کروڑ روپے کے ایڈوانس ٹکٹس فروخت ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب شاہ رخ خان کی فلم 'ڈنکی' کے 4.46 کروڑ روپے کی ایڈوانس بکنگ ہو چکی ہے۔ دونوں فلموں نے 15 دسمبر سے ایڈوانس بکنگ کا آغاز کیا تھا۔

’ڈنکی‘ کی ہدایات معروف ہدایت کار راج کمار ہیرانی نے دی ہے اور انہوں نے شاہ رخ خان کی اہلیہ گوری خان کے ہمراہ اس فلم کو پروڈیوس بھی کیا ہے۔

راج کمار ہیرانی اس سے قبل منا بھائی ایم بی بی ایس، پی کی، تھری ایڈیٹس اور سنجو جیسی کامیاب فلمیں بناچکے ہیں۔

'ڈنکی' کی کہانی چار دوستوں کے گرد گھومتی نظر آتی ہے جو اپنی زندگی کو بہتر بنانے کے لیے بیرون ملک جانے کا خواب دیکھتے ہیں۔

فلم میں شاہ رخ خان کے ساتھ اداکارہ تاپسی پنو، بمن ایرانی اور وکی کوشل اداکاری کے جوہر دکھا رہے ہیں۔

امکان ہے کہ فلم میں اداکار دھرمیندر ، ستین شاہ اور دیا مرزا بھی نظر آئیں گی۔

XS
SM
MD
LG