رسائی کے لنکس

حسن عسکری پنجاب، علاؤالدین بلوچستان کے نگران وزیرِ اعلٰی نامزد


الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مرکزی دفتر کا ایک منظر (فائل فوٹو)
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مرکزی دفتر کا ایک منظر (فائل فوٹو)

حسن عسکری کا نام حزب اختلاف کی جماعت تحریک انصاف کے طرف سے تجویز کردہ ناموں میں شامل تھا لیکن اُن کے نام پر پنجاب کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ نہیں ہو سکا تھا۔

پاکستان کے الیکشن کمیشن نے معروف تجزیہ کار پروفیسر حسن عسکری کو ملک کے سب سے صوبہ پنجاب جب کہ علاؤالدین مری کو بلوچستان کا نگران وزیرِ اعلیٰ نامزد کردیا ہے۔

پنجاب اور بلوچستان، دونوں صوبوں میں قائدِ ایوان اور اپوزیشن لیڈر کے بعد پارلیمانی کمیٹیاں بھی نگران وزیرِ اعلٰی کے ناموں پر اتفاق نہیں کر سکی تھیں جس کے بعد الیکشن کمیشن نے آئین کے تحت حاصل اختیارات استعمال کرتے ہوئے نگران وزرائے اعلیٰ کا تقرر کیا ہے۔

حسن عسکری کا نام حزب اختلاف کی جماعت تحریک انصاف کے طرف سے تجویز کردہ ناموں میں شامل تھا لیکن اُن کے نام پر پنجاب کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ نہیں ہو سکا تھا جس کے بعد یہ معاملہ الیکشن کمیشن کو بھیجا گیا تھا۔

حسن عسکری ماہر تعلیم، تجزیہ کار اور لکھاری ہیں اور ملکی اور بین الاقوامی معاملات پر مختلف اخبارات اور جرائد میں لکھتے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے اعلان کے بعد وائس آف امریکہ کے نمائندے کنور رحمان خان سے گفتگو میں پروفیسر حسن عسکری نے کہا ہے کہ انہیں اپنی نامزدگی کا علم میڈیا میں آنے والی خبروں سے ہوا ہے اور ان سے کسی نے براہِ راست رابطہ نہیں کیا۔

پروفیسر حسن عسکری
پروفیسر حسن عسکری

انہوں نے کہا کہ ان پر جن لوگوں نے اعتماد کیا ہے وہ ان کے شکر گزار ہیں اور پوری کوشش کریں گے کہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیں۔

پنجاب کی صوبائی اسمبلی 31 مئی کو اپنی پانچ سالہ مدت مکمل کرنے کے بعد تحلیل ہو گئی تھی۔ اسمبلی کی مدت ختم ہونے سے قبل ہی اس وقت وزیرِاعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر محمود الرشید کے درمیان ملاقات میں نگران وزیراعلٰی کے لیے ناصر کھوسہ کے نام پر اتفاق ہوا تھا۔

لیکن بعد میں تحریک نے انصاف نے یہ نام واپس لے لیا تھا جس کے بعد اختلافات کے باعث نگران وزیر اعلٰی کی تقرری کا معاملہ پھر سیاست دان خود حل نہ کر سکے۔

آئین کے مطابق اگر وزیراعلٰی اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان اتفاق نہ ہو سکے تو معاملہ پارلیمانی کمیٹی کو بھیج دیا جاتا ہے اور اگر وہاں بھی فیصلہ نہ ہو سکے تو پھر الیکشن کمیشن دونوں جانب سے تجویز کردہ ناموں میں سے کسی ایک کو اس منصب کے لیے نامزد کر دیتا ہے۔

بلوچستان کے لیے نامزد نگران وزیرِ اعلٰی علاؤالدین مری کا تعلق بلوچستان کے مستونگ ضلعے سے ہے اور اُن کا نام بلوچستان میں حکمران گروپ کی طرف سے تجویز کیا گیا تھا۔

علاؤالدین مری نے انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کر رکھی ہے اور وہ اپنا کاروبار کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل سندھ اور خیبر پختونخوا میں نگران وزرائے اعلیٰ تعینات ہو چکے ہیں۔

ملک میں آئندہ عام انتخابات 25 جولائی کو ہونے ہیں۔ مرکز اور صوبوں میں نگران حکومتیں انتخابات میں منتخب ہونے والی حکومت کو اقتدار کی منتقلی تک ریاست کے معاملات چلاتی ہیں۔

XS
SM
MD
LG