رسائی کے لنکس

آئندہ انتخابات میں ووٹنگ مشینوں کے استعمال کی تجویز


سیکریٹری الیکشن کمیشن، اشتیاق احمد کا کہنا ہے کہ ادارے کی جانب سے آئندہ انتخابات میں الیکٹرونک مشین کے ذریعے ووٹنگ کرانے کی تجویز پیش کردی گئی ہے۔ آئندہ انتخابات سنہ 2018 میں ہوں گے

کراچی ... پاکستان میں انتخابات کے انعقاد اور ان کی نگرانی کے ذمے دار ادارے ’الیکشن کمیشن آف پاکستان‘ نے سنہ 2018 میں ہونے والے عام انتخابات میں ووٹنگ مشینوں کے استعمال کی تجویز پیش کی ہے۔ ساتھ ہی، ادارے نے پارلیمنٹ سے 2 ماہ میں بائیو میٹرک سسٹم کے لئے قانون سازی کی بھی درخواست کردی ہے۔

پاکستان کے دو نجی ٹی وی چینلز ’ایکسپریس نیوز‘ اور ’جیو‘ کی رپورٹوں کے مطابق، سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد کا کہنا ہے کہ ادارے کی جانب سے آئندہ انتخابات میں الیکٹرونک مشین کے ذریعے ووٹنگ کرانے کی تجویز پیش کردی گئی ہے۔ آئندہ انتخابات سنہ 2018 میں ہوں گے۔

اشتیاق احمد نے ووٹنگ مشین کے استعمال کی وجہ بیلٹ پیپرز سے پیدا ہونے والے مسائل اور دھاندلی کے الزامات کے خاتمے کو قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ قومی مفادات کی خاطر ووٹنگ مشینوں کے اخراجات برداشت کرنا ہوں گے۔ ساتھ ہی، انہوں نے پارلیمنٹ سے یہ درخواست بھی کی کہ وہ 60 دن میں بائیو میٹرک سسٹم کے لئے قانون سازی کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے 6 مہینے میں پائلٹ پروجیکٹ شروع کئے جا سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ ای سی پی کی جانب سے بائیومیٹرک سسٹم شروع کئے جانے کیلئے 11 مختلف کمپنیوں سے رابطے کی بھی اطلاعات ہیں۔

XS
SM
MD
LG