مصری عہدے دا روں نے کہاہے کہ منگل کے روز قاہرہ کی وزارت داخلہ میں بھڑک اٹھنے والی آگ کی ذمہ داری ہڑتالی پولیس اہل کاروں پر عائد ہوتی ہے۔
ٹیلی ویژن کی فوٹیج میں وزارتی کمپلکس کی عمارت سے دھواں اٹھتا ہوا اور آگ پر قابو پانے اس پر پانی پھینکتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
منگل کے روز وزارت کی عمارت کے باہرہزاروں پولیس اہل کاروں نے زیادہ تنخواہ اور کام کے بہتر ماحول کی فراہمی کے لیے مظاہرہ کیا۔
فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی نے ایک پولیس اہل کار کے حوالے سے بتایا ہے کہ پولیس کے مظاہرے کا آتش زدگی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
سابق صدر حسنی مبارک کی اقتدار سے علیحدگی کے بعد ، جب سے عبوری حکومت قائم ہوئی ہے، پولیس کے اہل کاراپنے مطالبات کے لیے مسلسل مظاہرے کررہے ہیں۔
فروری میں عہدے داروں نے کہاتھا کہ سابق پولیس اہل کاروں نے اپنی بحالی کے لیے وزارت داخلہ کی عمارت پر آگ لگانے والے گولے پھینکے تھے اور کئی گاڑیوں کو نذر آتش کردیا تھا۔