رسائی کے لنکس

مصر میں شیر نما جانور کا ہزاروں سال پرانا ڈھانچہ دریافت


مصر کے شہر ثقارہ سے دریافت ہونے والی بلی کے حنوط شدہ ڈھانچے کی نمائش۔ فائل فوٹو
مصر کے شہر ثقارہ سے دریافت ہونے والی بلی کے حنوط شدہ ڈھانچے کی نمائش۔ فائل فوٹو

مصر کی وزارت آثار قدیمہ کا کہنا ہے کہ اس کے ماہرین نے ایک بہت بڑے جانور کا قدیمی ڈھانچہ دریافت کیا ہے جو شیر یا شیرنی سے مشابہہ ہے۔

محکمہ نے آج پیر کے روز انکشاف کیا کہ یہ ڈھانچہ دارالحکومت قاہرہ کے جنوب میں واقع شہر ثقارہ میں کھدائی کے دوران دریافت ہوا ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ کھدائی کے دوران اکثر بلیوں کے حنوط شدہ ڈھانچے ملے ہیں تاہم بڑے سائز کے شیر کا ڈھانچہ ملنا غیر معمولی دریافت ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ قدیمی زمانے میں شیر کو مقدس سمجھا جاتا تھا۔

مصر کی وزارت برائے آثار قدیمہ کا کہنا ہے کہ راڈار سکین کے ذریعے مزید تحقیق کے بعد اس دریافت کی تفصیلات ایک نیوز کانفرنس میں بتائی جائیں گی۔

بتایا جاتا ہے کہ سیاحت کے شعبے کو بحال کرنے کے لئے مصر نے کھدائی کے ذریعے قیمتی قدیم آثار کی دریافت کا کام تیز تر کر دیا ہے۔ مصر میں 2011 میں ہونے والے مظاہروں کے نتیجے میں حسنی مبارک کی آمرانہ حکومت کے خاتمے کے بعد سے سیاحت کا شعبہ بری طرح متاثر ہوا تھا۔

مصر میں فرعونوں کے زمانے کے اہرام مصر، اسی دور کے مقبروں پر مشتمل وادی الملوک اور معبدالقصر کا ٹمپل کملیکس دنیا بھر کے سیاحوں کی توجہ کا مرکز رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG