رسائی کے لنکس

عید الفطر : کروڑوں مسلمانوں نے اتوار کو عید منائی


افغان صدر حامد کرزئی نے نمازِ عید کابل کے صدارتی محل کی مسجد میں ادا کی۔ اپنے جنگ زدہ ملک کے شہریوں سے خطاب میں اُنھوں نے کہا کہ اسلام دشمن عناصر نے ماہِ رمضان کے دوران حملے کرکے افغان لوگوں کو پریشان کیے رکھا

رمضان المبارک کے اختتام پرکروڑوں مسلمان اتوار کو عید الفطر کی خوشیوں کا تہوارمنا رہے ہیں، جس میں نمازِ عید کے بعد اپنے اہل خانہ اور قریبی خاندانوں کے ساتھ وقت گزارنا، ایک دوسرے کی دعوتوں میں شریک ہونا اورملاقاتیں کرنا شامل ہے۔

امریکہ کے مختلف شہروں میں اتوار کے روزمساجد میں عیدکے بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے، جِن میں مسلمانوں نے نمارِ عید ادا کی اوربعد ازاں اِس خوشی کے موقع پر لوگ اہل خانہ کے ہمراہ دعوتوں میں شریک ہوئے۔

انڈونیشیا، جو آبادی کے اعتبار سے مسلمانوں کا سب سے بڑا ملک ہے، عید کی سہ روزہ خوشیوں کے پہلے دِن صبح ہوتے ہی لوگوں نے مساجد کا رُخ کیا۔ ہزاروں افرادنے جکارتہ کی الاظہر مسجدمیں نمازِ عید ادا کی۔

افغان صدر حامد کرزئی نے عید نماز کابل کے صدارتی محل کی مسجد میں ادا کی۔ اپنے جنگ زدہ ملک کے شہریوں سے خطاب میں اُنھوں نے کہا کہ اسلام دشمن عناصر نے ماہِ رمضان کے دوران حملے کرکے افغان لوگوں کو پریشان کیے رکھا۔
صدر کرزئی نے طالبان کے باغی لیڈروں پر زور دیا کہ وہ اِس بات کو واضح کریں آیا اُن کے نام سے منسوب دہشت گردانہ حرکات اُن کی مرضی سے کی جارہی ہیں، اور متنبہ کیا کہ ایک دن آئے گا جب ظالموں کا احتساب ہوگا۔

چین کے زنجیانگ علاقے میں مسلمانوں کی عید کے دِن کا آغاز اپنے عزیزو اقربا کی قبروں پر حاضری دینے اور نمازِ فجر کے بعد لنگر تقسیم کرنے سے ہوا۔

زنجیانگ میں تُرک زبان بولنے والے یغور مسلمان آباد ہیں، جِن میں سے کئی ایک چین پر الزام لگاتے ہیں کہ وہاں پر مذہبی بنیادوں پر مظالم ڈھائے جاتے ہیں۔

سرکاری شنہوا نیوز ایجنسی نے ایک علاقائی نسلی امور سے متعلق عہدے دار، لیو زین کیانگ کے حوالے سے بتایا ہے کہ زنجیانگ میں رمضان خیریت سے گزر گیا۔ چین میں اندازاً دو کروڑ مسلمان آباد ہیں۔
XS
SM
MD
LG