دنیا کے بیشتر ملکوں کی طرح برطانیہ میں بھی پیر کے روز عید الفطر مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جارہی ہے۔ برطانیہ کے ہر چھوٹے بڑے شہر کی مساجد میں عیدالفطر کی نماز کے روح پرور اجتماعات ہوئے جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
سعودی عرب میں ماہ شوال کے چاند کی شہادت کی خبر ملنے کے بعد 'ریجنٹس پارک مسجد' لندن دیو بندی اور اہلحدیث کے علمائے کرام نے پیر کے دن عید منانے کا اعلان کیا تھا اس طرح برطانیہ بھر میں عید الفطر ایک ہی دن منائی جا گئی۔
برطانیہ کے دارلحکومت لندن میں بھی مسلمانوں کی بہت بڑی تعداد نے آج عید الفطر کی نماز ادا کی۔
نماز عید کا ایک بڑا اجتماع مرکزی لندن کی 'ایسٹ لندن جامع مسجد' میں ہوا جس میں مقامی مسلم کمیونٹیز کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی خاص طور پرعید کی اجتماعات میں خواتین کے ساتھ ساتھ بچوں کی بہت بڑی تعداد شریک ہوئی۔
علماء نےنماز عید کے اجتماعات میں مسلم امہ کے اتفاق ،اتحاد اور استحکام کی ضرورت پر زور دیا اور دنیا بھر میں امن کے قیام کے لیے دعائیں کرائیں۔
نمازعید کی ادائیگی کے بعد ایسٹ لندن مسجد کے ایگزییکٹیو ڈائریکٹر دلاور حسین خان نے وی او اے سے ایک خصوصی ملاقات میں بتایا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی نمازیوں کی سہولت کے پیش ِنظر مسجد میں عیدالفطر کی نماز کے چھ بڑے اجتماعات منعقد ہوئے سب سے پہلی جماعت صبح ساڑھے سات بجے ادا کی گئی جس کے بعد وقفے وقفے سے چھ اجتماعات منعقد ہوئے جبکہ عید کی نماز کا آخری اجتماع سہ پہر ساڑھے بارہ بچے تک جاری رہا۔
جناب دلاور حسین کا کہنا تھا کہ ایسٹ لندن جامع مسجد میں ہر سال عید کی نماز ادا کرنے والوں کی بڑی تعاد شرکت کرتی ہے۔
مسجد میں ایک وقت کی باجماعت نماز کے لیے تقریبا آٹھ ہزار نمازیوں کے لیے گنجائش موجود ہے اس کے باوجود عیدین کے موقع پر رش کی وجہ سے لوگ صحن اور راہداریوں تک میں کھڑے ہو کر نماز ادا کرتے ہیں۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی عید الفطر کی نماز کے تمام اجتماعات میں شریک ہونے والےنمازیوں کی تعداد لگ بھگ 45 ہزار رہی ہے۔
جناب دلاور حسین خان نے کہا کہ ایسٹ لندن مسجد لندن کی ایک بہت پرانی مسجد ہونے کے ساتھ ساتھ لندن کی واحد مسجد ہے جہاں پانچ وقت کی نمازوں میں سے دن کے دو وقت کی اذان لاوڈ اسپیکر سے دی جاتی ہے جبکہ موسم سرما کے دنوں میں مسجد سے دن کے تین اوقات کی نمازوں ظہر، عصر اور مغرب کی اذان لاوڈ اسپیکر سے دینے کی اجازت حاصل ہے۔