رسائی کے لنکس

سعودی عرب میں 28 ویں روزے کو ’چاند کی تلاش‘


گذشتہ دو دن سے سعودی افق پر چاند کا حجم کافی کم ہوتا محسوس ہورہا تھا، جس کے بعد اس بات کے امکانات ظاہر کئے جا رہے تھے کہ عید کا چاند 28 ویں روزے کو نظر آسکتا ہے۔ لیکن، ایسا نہیں ہوا

سعودی عرب میں منگل کو 28واں روزہ ہونے کے باوجود عیدالفطر کا چاند دیکھنے کے لئے رویت ہلال کمیٹیوں کا اجلاس ہوا۔ تاہم، ملک کے زیادہ تر علاقوں میں چاند نظر نہیں آیا۔ سعودی عرب کے سرکاری ٹی وی کے مطابق، اجلاس کے بعد اعلان کیا گیا ہے کہ ہلال کمیٹیوں کا اجلاس بدھ کو دوبارہ ہوگا، جس میں نئے سرے سے چاند نظرآنے یا نہ آنے کا فیصلہ ہوگا۔
اٹھائیسویں روزے کو ہلال کمیٹیوں کا اجلاس دلچسپی سے خالی نہیں۔ جدہ میں مقیم مقامی سینئر صحافی شاہد نعیم نے وائس آف امریکہ کے نمائندے کو بتایا کہ گذشتہ دو دن سے سعودی افق پر چاند کا حجم کافی کم ہوتا محسوس ہو رہا تھا جس کے بعد اس بات کے امکانات ظاہر کئے جارہے تھے کہ عید کا چاند 28ویں روزے کو نظر آسکتا ہے۔ لیکن، ایسا نہیں ہوا۔
شاہد نعیم کے مطابق، اگر منگل کو چاند نظر آجاتا تو ملک بھر میں ایک روزے کی قضا یقینی تھی۔ اب سے تقریباً30سال پہلے بھی ایسا ہوچکا ہے جب 29ویں روزے کو سحری کے وقت عید کا اعلان کیا گیا تھا اور شہریوں نے ایک روزہ قضا کیا تھا۔
اسلامی کلینڈر کے مطابق ایک ماہ زیادہ سے زیادہ 30اور کم سے کم 29دن پر مشتمل ہوتا ہے۔ اگر نئے مہینے کا چاند 29ویں دن نظر آئے تو مہینہ بھی 29ہی دن کا شمار ہوتا ہے بصورت دیگر مہینہ 30دن کا ہوتا ہے۔ 28ویں روزے کو چاند نظر آنے کا مطلب یہ ہوتا کہ گذشتہ مہینے یعنی رمضان کا چاند دیکھنے میں کوئی مغالطہ ہوا تھا، جس کے سبب ایک روزہ قضا کرنا پڑتا۔
سعودی علما نے اعلان کیا تھا کہ رمضان کا چاند دیکھنے میں غیر ارادی طور پر اگر کوئی غلطی سامنے آتی ہے تو ایسی صورت میں عوام عید کے بعد ایک روزہ رکھ کر تعداد پوری کر سکتی ہے۔
XS
SM
MD
LG