رسائی کے لنکس

سعودی عرب: سوشل میڈیا ایڈیٹر کو 7 سال قید اور 600 کوڑوں کی سزا


ریف بداوی کو لبرل خیالات کا پرچار کرنے اور اسلامی اقدار کے خلاف مواد اپ لوڈ کرنے کے الزامات پر سزا سنائی گئی۔

سعودی عرب میں سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹ چلانے والے شخص ریف بداوی کو سات سال قید اور چھ سو کوڑوں کی سزا سنائی گئی ہے۔
غیرملکی خبرایجنسی ’رائٹرز‘ نے سعودی میڈیا کے حوالے سے بتایا ہے کہ ریف بداوی کوان کی تخلیق کردہ ویب سائیٹ ’فری سعودی لبرلز‘ کے ذریعے لبرل خیالات کا پرچار کرنے اور اسلامی اقدار کے خلاف مواد اپ لوڈ کرنے کے الزامات پر سزا سنائی گئی۔
جون 2012 میں سائبر کرائمز کے تحت گرفتار کئے گئے بداوی پر یہ الزام بھی ہے کہ وہ اپنے والد کے نافرمان ہیں جو سعودی عرب میں جرم سمجھا جاتا ہے۔ عدالت نے ریف بداوی کی ویب سائٹ کو بند کرنے کا حکم بھی جاری کیا۔
فرانس نے ریف بداوی کو دی جانے والی سزا پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ فرانسیسی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بداوی کی سزا کو آزادی ِاظہار کی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔
انسانی حقوق کی تنظیم ’ہیومن رائٹس واچ‘ کے مطابق ریف بداوی کی ویب سائٹ پر سعودی عرب کے مفتی ِاعظم سمیت دیگر مذہبی رہنماؤں کو تنقید کا نشانہ بنایا جاتا تھا۔ دسمبر 2012 میں اس وقت ریف بداوی کو سزائے موت دئیے جانے کا امکان تھا جب ان پر جج کی طرف سے تبدیلی ِمذہب کا الزام لگایا گیا۔ بعد میں جج نے یہ الزام واپس لے لیا۔
سعودی عرب میں تبدیلی ِمذہب اور توہین ِرسالتﷺ کی سزا موت ہے۔
ریف بداوی کی بیوی نے ان میڈیا رپورٹس کی تردید کی ہے کہ بداوی نے جدہ میں عدالت کے سامنے ندامت کا اظہار کیا تھا۔ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں بداوی کی بیوی کا کہنا تھا کہ جب ان کے شوہر سے جج نے سوال کیا کہ کیا آپ مسلمان ہیں تو ان کا جواب تھا ”ہاں!!!! اور میں کسی کو بھی اپنے عقیدے پرشک کی اجازت نہیں دے سکتا۔“
XS
SM
MD
LG