سینیگال میں فٹ بال کے ایک میچ کے دوران اسٹیڈیم میں بھگدڑ مچنے سے کم ازکم آٹھ افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔
وزیر کھیل ماتر با نے بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی 'روئٹرز' کو بتایا کہ دارالحکومت ڈاکار میں دو مقامی ٹیمیوں کے درمیان میچ ہو رہا تھا جب حریف ٹیموں کے مداحوں کے درمیان لڑائی شروع ہو گئی ۔
پولیس نے اس دھینگا مشتی کو ختم کروانے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا جس سے وہاں لوگوں میں افراتفری پھیلی اور بھگدڑ مچ گئی۔
اسی دوران لوگوں نے دیوار پھلانگنے کی کوشش کی تو وہ گر گئی اور نتیجتاً آٹھ افراد ہلاک ہو گئے۔
اس واقعے کے بعد صدر میکی سال نے ملک میں جارتی انتخابی مہم کو اتوار کے روز معطل کرنے کا کہتے ہوئے اس واقعے کے ذمہ داران کے لیے قرار واقعی سزا دینے کا عزم ظاہر کیا۔
افریقی ممالک میں فٹبال میچوں کے درمیان دھکم پیل اور بھگدڑ کے واقعات کوئی غیر معمولی بات نہیں اور ناکافی حفاظتی انتظامات کی وجہ سے اکثر ایسے واقعات مہلک ثابت ہوتے ہیں۔
رواں سال فروری میں انگولا میں ایک میچ کے دوران بھگدڑ مچنے سے کم از کم 17 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔