رسائی کے لنکس

چینی آٹو کمپنی فوٹان دو لاکھ گرین انرجی گاڑیاں تیار کرے گی


شنگھائی کے ایک آٹو شو میں لوگ الیکٹرک ایس یو وی کو دلچسپی سے دیکھ رہے ہیں۔ فائل فوٹو
شنگھائی کے ایک آٹو شو میں لوگ الیکٹرک ایس یو وی کو دلچسپی سے دیکھ رہے ہیں۔ فائل فوٹو

چین کی ایک موٹر ساز کمپنی بیگی فوٹان موٹرز نے کہا ہے کہ وہ سن 2025 تک بجلی اور ہائیڈروجن سے چلنے والی دو لاکھ کمرشل گاڑیاں بنانے کے منصوبے پر کام کر رہی ہے۔

یہ گاڑیاں فوٹان کے بیجنگ میں قائم پلانٹ میں تیار کی جائیں گی۔ کمپنی کے ایک عہدے دار ژانگ سیانگ نے ایک نیوز کانفرنس میں بتایا کہ اس پلانٹ میں تین طرح کی گاڑیاں تیار ہوں گی جن میں مکمل طور پر بجلی سے چلنے والی، ہائیدروجن گیس سے چلنے والی اور بیٹری اور پیٹرول سے چلنے والے ہائی بریڈ ٹرک اور وین طرز کی گاڑیاں شامل ہیں۔

فوٹان کمپنی ڈیملر کے ساتھ مل کر ٹرک بھی تیار کر رہی ہے۔

عہدے داروں نے میڈیا کو بتایا کہ کمپنی جدید موٹر گاڑیاں تیار کرنے کے لیے تحقیق پر دو ارب 60 کروڑ ڈالر خرچ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

اس سال اپریل میں ٹویوٹا موٹر کارپوریشن نے کہا تھا کہ وہ چین کی موٹر ساز کمپنی فوٹان کو فیول سیل گاڑیوں کے سپیئر پارٹس فراہم کرے گی تاکہ چین میں فیول سیل گاڑیوں کی صنعت کو فروغ مل سکے۔

چین دنیا بھر میں موٹر گاڑیوں کی سب سے بڑی مارکیٹ ہے اور وہاں کئی موٹرساز کمپنیاں اپنے پلانٹ قائم کر کے پیداوار شروع کر چکی ہیں اور مارکیٹ کے حجم کو دیکھتے ہوئے کئی آٹو کمپنیاں وہاں اپنے پلانٹ لگا رہی ہیں۔

خبررساں ادارے رائٹرز کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چین میں ای کامرس کا شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے جس کی وجہ سے وہاں ہلکے ٹرکوں کی طلب میں نمایاں طور پر اضافہ ہوا ہے۔

XS
SM
MD
LG