رسائی کے لنکس

پاک بھارت امن کے مخالفین کامیاب نہیں ہوں گے: خواجہ آصف


وزیر دفاع خواجہ آصف
وزیر دفاع خواجہ آصف

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان خود دہشت گردی کا شکار ہے اور اس عفریف کے خلاف ایک کامیاب جنگ لڑ رہا ہے۔

پاکستان کے وزیر دفاع نے کہا ہے کہ کچھ عناصر پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات کے عمل کو دہشت گردی کی کارروائیوں کے ذریعے سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق خواجہ آصف نے کہا کہ بھارتی قیادت نے پٹھان کوٹ کے فضائی اڈے پر ہونے والے حملے کے بعد پاکستان پر کوئی الزام عائد نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ جو عناصر مذاکرات کے عمل کو اپنی کارروائیوں سے متاثر کرنا چاہتے ہیں وہ اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق انہوں نے وزیراعظم نواز شریف کے اپنے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کو ٹیلی فون کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ اچھے پاک بھارت تعلقات دہشت گردوں کے لیے مناسب ترین جواب ہو گا۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان خود دہشت گردی کا شکار ہے اور اس عفریت کے خلاف ایک کامیاب جنگ لڑ رہا ہے۔

پاکستان کے وزیراعظم محمد نواز شریف نے منگل کو اپنے بھارتی ہم منصب کو ٹیلی فون کر کے پٹھان کوٹ میں بھارتی فضائیہ کے اڈے پر ہونے والے دہشت گرد حملے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا تھا۔

وزیراعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق انہوں نے نریندر مودی کو یقین دہانی کرائی تھی کہ پاکستان بھارت کی طرف سے فراہم کی گئی معلومات پر تفصیلی تحقیقات کرے گا۔

گزشتہ ماہ پاکستان اور بھارت نے جامع مذاکرات کو بحال کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد دسمبر کے اواخر میں بھارتی وزیراعظم نے پاکستان کا مختصر دورہ بھی کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG