رسائی کے لنکس

ہاتھی کی قوتِ شامہ سب سے تیز: تحقیق


ہاتھی کی سونگھنے کی صلاحیت کُتّوں کی بہ نسبت دوگنا، جبکہ انسانوں کے مقابلے میں پانچ گنا زیادہ ہے۔

ایک حالیہ تحقیق کے مطابق، دنیا بھر میں سب سے زیادہ تیز قوت ِشامعہ ،یا سونگھنے کی صلاحیت، دنیا کے سب سے بڑے ’میمل‘ (گرم خون والے حیوان) ہاتھی کی ہے۔

یونیورسٹی آف ٹوکیو کی جانب سے کی گئی اس تحقیق کے نتائج کے مطابق، افریقی ہاتھی کی سونگھنے کی صلاحیت سب سے تیز ہوتی ہے۔

اس نئی تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ افریقی ہاتھی کے پاس 2000 جینز صرف اس چیز کے لیے ہوتے ہیں کہ وہ چیزوں کو سونگھ سکے۔

گویا، ہاتھی کے پاس سونگھنے کی صلاحیت کتوں کی بنسبت دوگنا زیادہ جبکہ انسانوں کے مقابلے میں پانچ گنا زیادہ ہے۔

تحقیق دانوں کا کہنا ہے کہ وہ اس بات کا تعین نہیں کر سکے آیا ہاتھی کے پاس سونگھنے کی صلاحیت کے لیے اتنے جینز کیوں موجود ہیں؟

مگر تحقیق دانوں نے یہ پتہ لگایا ہے کہ ہاتھیوں کی قوت ِشامعہ ان کے بچاؤ اور دفاع کے لیے بہت ضروری ہے۔ ہاتھی سونگھنے کی صلاحیت کی مدد سے خوراک، شکاریوں اور اپنے ساتھیوں کے درمیان تمیز کر سکتے ہیں۔

تحقیق دانوں کے مطابق، ہاتھیوں کے یہ جینز کیا کارہائے نمایاں سر انجام دیتے ہیں، اس کا پتہ نہیں لگایا جا سکا۔ مگر، تحقیق میں اس بات کا بھی امکان ظاہر کیا گیا کہ افریقی ہاتھی جس ماحول میں رہتے ہیں وہاں پر شاید انہیں زیادہ سونگھنے کی صلاحیت درکار ہو۔

یہ تحقیق ’جینوم ریسرچ‘ میں شائع کی گئی۔

XS
SM
MD
LG