ہالی وڈ میں آسکر ایوارڈز سے جس نئی روایت کا آغاز ہوا تھا ایمی ایوارڈز نے اسے آگے بڑھاتے ہوئے رواں سال ایوارڈز کی تقریب بغیر میزبان کرنے کا اعلان کیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹر' کے مطابق ایمی پروڈیوسرز کا کہنا ہے کہ بغیر میزبان کے ایوارڈز کی تقریب منعقد کرنے کا فیصلہ اس لیے کیا گیا تاکہ حال میں ختم ہونے والی مشہور ٹی وی سیریز پر زیادہ بات اور تبادلہ خیال کیا جاسکے۔
سال کی بہترین سیریزکو سراہانے کے لیے ایمی ایوارڈز کی تقریب 22 ستمبر کو ہوگی۔
اس بار 'گیم آف تھرونز' اور 'دی بگ بینگ تھیوری اینڈ ویپ' جیسی مقبول سیریز مقابلے کی دوڑ کا حصہ ہیں۔
فوکس کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹو چارلی کولئیر نے ٹیلی ویژن کریٹکس ایسوسی ایشن کی تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر میزبان اور اوپننگ نمبر دونوں ہوں تو 15 سے 20 منٹ صرف ہو جاتے ہیں۔ اس سال ہم بغیر میزبان ایوارڈز کی تقریب منعقد کریں گے۔ امید ہے کہ ہم زیادہ سے زیادہ سال کی بہترین سیریز کو سراہا سکیں گے۔ تقریب میں انٹرٹینمنٹ، اوپننگ نمبر اور سرپرائزز سب کچھ ہوگا۔
تاریخ میں دوسری مرتبہ رواں سال فروری میں آسکر ایوارڈز کی تقریب بغیر میزبان کے منعقد ہوئی تھی جسے دیکھنے والوں نے سراہا تھا جبکہ امریکی ٹی وی ناظرین کی تعداد میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 12 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔