ہالی وڈ میں رواں سال کے ایوارڈز سیزن کی سمجھیں آمد آمد ہے اور ایمی ایوارڈز کی تقریب کو اس کی شروعات بھی کہا جا سکتا ہے۔ تقریب ’لاس اینجلس‘ کے مائیکرو سوفٹ تھیڑ میں سجی۔ گلیمر ورلڈ کے اسٹارز کی شرکت نے اسے چارچاند لگا دئیے تھے۔
68 ویں ایمی ایوارڈز میں مشہور ٹی وی سیریز ’گیم آف تھرونز‘ مسلسل دوسرے سال بہترین ڈرامہ سیریز کا ایوارڈ جیتنے میں کامیاب رہی۔ اسے23 شعبوں میں نامزد کیا گیا تھا جن میں سے اس نے 12 ایوارڈ اپنے نام کیا۔
ان ایوارڈز میں بہترین ڈائریکشن اور رائٹنگ کا ایوارڈ بھی شامل ہے۔’ایمی ‘میں یہ ایک نیا ریکارڈ ہے۔
’او جے سمپسن‘ کو نو کیٹیگریز میں ایوارڈ ز سے نوازا گیا۔ ’ویپ‘ کو بہترین کامیڈی سیریز کا ایوارڈ ملا۔
بہترین اداکار کا ایوارڈ ڈرامہ ’روبوٹ‘ میں کمپیوٹر ہیکر کا کردار عمدگی سے ادا کرنے پر مصری نڑاد امریکی اداکار رامی مالک کو دیا گیا۔
اور’فن بلیک‘ کی اداکارہ رڈٹاٹیانا ماسلنی کو بہترین اداکارہ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔
کامیڈی سیریز ’ویپ‘ میں عمدہ اداکاری پر جولیا لوئی ڈریفس کو بہترین مزاحیہ فنکار کا ایوارڈ ملا جبکہ کامیڈی میں بہترین اداکار کا ایوارڈ ٹرانسپیرنٹ کے لیے جیفری ٹیمبر کو دیا گیا۔
پریانکا کی بات
اور اب کچھ بات ہو جائے ہٹ ٹی وی سیریز ’کوانٹیکو‘ کے ذریعے عالمی اسٹار کے طور پر پہچانی جانے والی بالی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑہ کی۔
پریانکا چوپڑہ نے اپنے اسٹائلش اور گلیمرس سرخ لباس میں جلوے بکھیرے اور یہ کہا جائے کہ وہ ریڈ کارپٹ پرسب سے زیادہ تعریفیں سمیٹنے والی فنکارہ بن گئیں تو کچھ غلط نہ ہوگا۔
پریانکا ایوارڈ تو نہ جیت سکیں لیکن اپنے انداز اور فیشن کے منفرد اسٹائل سے لوگوں کے دل جیتنے میں کامیاب رہیں۔ پریانکا نے ایوارڈ فنکشن میں میزبانی کے فرائض بھی انجام دئیے۔