رسائی کے لنکس

ایموجیز سینما اسکرین پر بھی نظر آئیں گے


ایک رپورٹ کے مطابق 'سونی پکچرز انیمیشن' نے لاکھوں ڈالر کے ایک معاہدے میں ایموجیز پر فلم بنانے کے حقوق کو خرید لیا ہے۔

آپ اپنے فیس بک فیڈ اور موبائل فون کی کئی پیغام رسانی کی ایپلی کیشنز پر موجود 'ایموجیز' یعنی چھوٹی چھوٹی علامتی تصویروں کے کرداروں سے بخوبی آشنا ہوں گے، لیکن اب یہ ایموجیز جلد ہی چھوٹی اسکرین سے نکل کر سینما کی بڑی اسکرین پر آ رہے ہیں۔

ایک رپورٹ کے مطابق 'سونی پکچرز اینیمیشن' نے لاکھوں ڈالر کے ایک معاہدے میں ایموجیز پر فلم بنانے کےحقوق کو خرید لیا ہے۔

'ڈیڈ لائن' اخبار کے مطابق فلم کے حقوق کی نیلامی میں ہالی وڈ کے تین بڑے اسٹوڈیوز وارنر برادرز، پیرا ماؤنٹ پکچرز اور سونی پکچرز کی طرف سے بڑی بڑی بولیاں لگائی گئی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سونی ایموجیز پر ایک اینیمیٹیڈ فلم بنانے کا ارادہ رکھتا ہے، فلم کی کہانی ایرک سیگل اور انتھونی لییونڈیس لکھیں گے، جو کہ ہالی ووڈ بلاک بسٹر 'کنگ فو پانڈا' فلم کے ہدایتکار تھے، تاہم سونی کی طرف سے یہ نہیں بتایا گیا ہے کہ فلم میں کونسے ایموجیز مرکزی کردار ادا کریں گے۔

قیاس ہے کہ سونی کی ایموجیز فلم مسکراتے چہرے، مزاحیہ چہرے ونکی فیس اور ناخوش چہروں والے ایموجیز کے کرداروں پر بنائی جائے گی۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ وارنر برادرز کی فلم 'دی لیگو مووی' کی باکس آفس پر کامیابی نے یہ ظاہر کر دیا ہے کہ کسی بھی موضوع کو لے کر ہٹ فلم بنائی جا سکتی ہے اور ویسے بھی ان دنوں نوجوان نسل ایموجیز کے جنون میں مبتلا ہے لہذا یہ سودا گھاٹے کا معلوم نہیں ہوتا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس فلم کے حوالے سے ایک غیر معمولی بات یہ ہے کہ ایموجیز پر کسی کا استحقاق نہیں ہے، جسے خریدا جائے۔ البتہ ایموجیز کو 'یونی کوڈ کنسورشیم' کنٹرول کرتا ہے، جو تمام الیکٹرانک آلات پر ایموجی کرداروں کی اینکوڈنگ کی نگرانی کرتا ہے، اور اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ ایموجیز چہرے تمام آلات پر ایک ہی جیسے دکھائی دیں، تاہم کمپنی ایموجیز کے حقوق کی مالک نہیں ہے۔

ایموجیز کو 1990ء میں اسمائلی چہروں کے طور پر جاپان کی ایک موبائل کمپنی این ٹی ٹی ڈوکو مو نے تیار کیا تھا۔ اس وقت کمپنی نے 172 گول چہرے تشکیل دیے تھے۔ اور اب باضابطہ طور پر 772 ایموجیز موجود ہیں جو پالتو جانوروں اور چیزوں کی وسیع تر خصوصیات اور ان کے چہروں کی نمائندگی کرتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG