رسائی کے لنکس

جنوبی کیلی فورنیا میں آگ کی شدت میں مزید اضافے کا خدشہ، ہواؤں میں تیزی اور بارش کا امکان


 کیلی فورنیا میں ایک فائر فائٹر جنگل کی آگ بجھانے کی کوشش کررہا ہے۔ 21 جنوری 2025
کیلی فورنیا میں ایک فائر فائٹر جنگل کی آگ بجھانے کی کوشش کررہا ہے۔ 21 جنوری 2025
  • کیلی فورنیا کے جنوبی علاقے میں تیز اور خشک ہوائیں چل رہی ہیں جس سے آگ کی شدت اور پھیلاؤ میں اضافہ کا خطرہ ہے۔
  • جنگل کی آگ سے اب تک کم از کم 27 افراد ہلاک اور 14000 کے لگ بھگ مکانوں اور عمارتوں کو نقصان پہنچ چکا ہے۔
  • ہفتے سے علاقے میں بارش کی پیش گوئی ہے، جس سے جلی ہوئی عمارتوں کا زہریلا ملبہ پانی میں شامل ہونے کا اندیشہ ہے۔
  • زہریلے ملبے سے ساحلی علاقوں کو نقصان اور سمندر کا پانی آلودہ ہو سکتا ہے۔
  • لاس اینجلس کی مئیر نے زہریلے ملبے کو پانی کے بہاؤ میں شامل ہونے سے روکنے کے انتظامات کے لیے ایگزیکٹو آرڈر جاری کیا ہے۔

کیلی فورنیا کے جنگل کی آگ سے متاثرہ علاقوں میں بدھ کے روز آگ کی شدت اور پھیلاؤ میں اضافہ ہونے کے خدشات بڑھ گئے ہیں کیونکہ خشک اور تیز ہوائیں چلنا شروع ہو گئی ہیں۔

موسمیات کے قومی ادارے کی پیش گوئی میں کہا گیا ہے کہ لاس اینجلس کے علاقے میں جمعرات یا جمعے تک آگ کی خطرناک صورت حال برقرار رہ سکتی ہے۔

پیش گوئی میں مزید کہا گیا ہے کہ آگ سے متاثرہ علاقوں میں ہفتے سے بارش ہو سکتی ہے، تاہم مینہ برسنے کا امکان 60 سے 80 فی صد تک ہے۔

فائر فائیٹرز آگ کے پھیلاؤ کو روکنے کی کوشش کررہے ہیں۔ 14 جنوری 2025
فائر فائیٹرز آگ کے پھیلاؤ کو روکنے کی کوشش کررہے ہیں۔ 14 جنوری 2025

موسمیات کے ادارے کا کہنا ہے کہ زیادہ تر علاقوں میں مجموعی طور پر 8 ملی میٹر سے زیادہ بارش کا امکان نہیں ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ بارش سے آگ کے پھیلاؤ میں تو کمی آ سکتی ہے لیکن اس سے کچھ اور طرح کے مسائل بھی پیدا ہو سکتے ہیں۔ جن میں سے ایک خدشہ یہ ہے کہ پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے بارش کا پانی نشیب کی طرف بہہ سکتا ہے جس سے مٹی کے تودے گر کر نقصان کا باعث بن سکتے ہیں۔

علاقے میں بڑے پیمانے پر درختوں اور جھاڑیوں کے جل جانے سے مٹی کے تودے گرنے کے امکانات میں اضافہ ہو گیا ہے۔

بارش کی صورت میں اگر پانی کا بہاؤ نشیبی آبادیوں کی طرف ہوا، جنہیں جنگل کی آگ سے شدید نقصان پہنچا ہے، تو ان کا ملبہ بھی پانی کے بہاؤ میں شامل ہو جائے گا۔خدشہ یہ ہے کہ راکھ ملے اس ملبے میں زہریلے اجزا شامل ہو سکتے ہیں جس سے ساحلی علاقوں اور سمندر ی حیات کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

کیلی فورنیا کی ریور سائیڈ کاؤنٹی کی ونچسٹر کمیونٹی میں تیز ہوائیں آگ کی چنگاریوں کو اڑا کر ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جا رہی ہیں۔ 20 جنوری 2025
کیلی فورنیا کی ریور سائیڈ کاؤنٹی کی ونچسٹر کمیونٹی میں تیز ہوائیں آگ کی چنگاریوں کو اڑا کر ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جا رہی ہیں۔ 20 جنوری 2025

لاس اینجلس کی میئر کیرن باس نے کہا ہے کہ انہوں نے ایک ایگزیکٹو آرڈر جاری کیا ہے جس کا مقصد بارش کی صورت میں جلے ہوئے زہریلے ملبے کو پانی کے بہاؤ میں روکنے کے انتظامات کرنا ہے تاکہ ساحلی علاقوں اور سمندر کے پانی کو اس سے محفوظ رکھا جا سکے۔

اس مقصد کے لیے کارکن زہریلے مواد کو پانی میں شامل ہونے سے روکیں گے اور سیوریج سسٹم میں ملبے کو جانے سے روکنے کے لیے رکاوٹیں کھڑی کریں گے۔

جنوری کی ابتدامیں شروع ہونے والی جنگل کی آگ سے اب تک کم ازکم 27 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ جلنے والے مکانوں اور عمارتوں کی تعداد 14000 کے لگ بھگ ہے۔

(اس رپورٹ کی کچھ معلومات اے پی سے لی گئیں ہیں)

فورم

XS
SM
MD
LG