رسائی کے لنکس

سپر اوور سے فیصلہ، نیوزی لینڈ کی شکست سے سیریز انگلینڈ کے نام


انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان آکلینڈ میں کھیلے جانے والے پانچواں ٹی 20 میچ میں ایک مرتبہ پھرسپر اوورکے ذریعے فیصلہ کیا گیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ ٹائی قرار پایا تھا۔

خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنائے جب کہ انگلینڈ نے جوابی بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹ کے نقصان پر 146 رنز بنائے جس کے بعد سپر اوور کھیلا گیا۔

سپر اوور میں نیوزی لینڈ نے 8 اور انگلینڈ نے 17 رنز بنائے اور یوں انگلینڈ 9 رنز سے یہ میچ جیتنے میں کامیاب رہا جب کہ میچ کے ساتھ ہی پانچ ٹی 20 میچوں کی سیریز بھی 2-3 سے انگلینڈ کے نام رہی۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق اس میچ نے گزشتہ جولائی میں ہونے والے فائنل میچ کی یادیں تازہ کرادیں۔

فائنل انہی دونوں ٹیموں کے درمیان ہوا تھا جس میں سپر اوور کے ذریعے انگلینڈ فاتح قرار پایا تھا جب کہ اتوار کو ہونے والے میچ میں بھی سپراوورکھیلا گیا۔

اتوار کو کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کی اننگز کی آخری بال تھی کہ کرس جارڈن کی ایک باؤنڈری نے نیوزی لینڈ کے 5 کھلاڑیوں کے نقصان پر 146 رنز کے ساتھ ہی بارش ہوگئی جس کے بعد میچ کو 11، 11 اوورز تک محدود کردیا گیا۔

انگلینڈ نے 7 کھلاڑیوں کے نقصان پر مقررہ 11 اوورز میں 146 رنز ہی اسکور کیے۔

جونی بیئرسٹو نے اپنی ٹیم کے اسکور میں شاندار 47 رنز کا اضافہ کیا۔ ان کی بیٹنگ کی بدولت ہی انگلینڈ کو نیوزی لینڈ کے مقابلے میں اسکور بڑھانے کا موقع ملا ورنہ اس سے قبل انگلینڈ کی پے در پے تین وکٹیں صرف 39 رنز پرگرچکی تھیں۔ انہیں مین آف دی میچ قراردیا گیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے گپٹل نے پانچ چھکوں اور تین چوکوں کی مدد 20 سے گیندوں پر 50 رنز بنائے جب کہ منرو 4 چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 21 گیندوں پر 46 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

انگلینڈ کے ٹام بینٹن نے 7 اور جیمز ونس ایک رن ہی بناسکے۔ سیم کورن نے 24 رنز اسکور کیے۔

بیئرسٹو جمی نیشم کے آخری اوور کی آخری گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے اور مچل سینٹینر کے اگلے اوور کی پہلی گیند پر کرن 24 رنز پراسٹمپ ہوگئے۔

سپر اوور سے پہلے یعنی ریگولر پلے کے آخری اوور میں انگلینڈ کو میچ جیتنے کے لیے صرف 13 رنز درکار تھے اور نیشام کے اوور کی آخری تین گیندیں باقی تھیں جن پر جارڈن نے بالترتیب چھ، دو اور چار رنز بنائے جس کے ساتھ ہی دونوں ٹیموں کا اسکور یکساں ہوگیا۔

XS
SM
MD
LG