ستر اور اسی کی دھائی سے حالیہ برسوں تک ریلیز ہونے والی بھارتی فلموں کے ولن اور نامور فنکار گوگا کپور طویل علالت کے بعد اس دنیا سے چل بسے۔ انہوں نے ستر سال کی عمر پائی۔ انہوں نے امیتابھ بچن اور شاہ رخ خان جیسے سپراسٹارز کے ساتھ بھی کام کیا۔ امیتابھ بچن کے ساتھ تو انہوں نے ایک نہیں 20 فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے جبکہ شاہ رخ خان کی فلم 'کبھی ہاں کبھی ناں' میں انہوں نے انتھونی گومز کا یادگار کردار ادا کیاتھا۔
گوگا کپور کا اصل نام رویندر کپورتھا ۔ وہ 15دسمبر 1940کو پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے 1971ء میں بنے والی فلم 'جلوہ ' میں پہلی مرتبہ اداکاری کی اور تب سے اب تک تقریباً 500 فلمیں اپنے چاہنے والوں کو دیں۔ انہوں نے ایک بیوی اور تین بیٹیوں کو سوگوار چھوڑا ہے۔
عامر خان اور جوہی چاوٴلہ کے ساتھ فلم "قیامت سے قیامت تک" میں بھی انہوں نے لازوال رول کیا۔ ان کی کامیاب فلموں میں پتھر کے پھول، جگر، بے تاب اور میں اناڑی تو کھلاڑی' شامل ہیں جبکہ زنجیر، ڈان، گنگا جمنا سرسوتی، مرد، دو اور دو پانچ، شان، مسٹر نٹور لال، مقدر کا سکندر، خون پسینہ، ہیرا پھیری اور شہنشاہ امیتابھ کے ساتھ ان کی یادگار فلمیں ہیں ۔