رسائی کے لنکس

’اسٹوڈنٹ آف دی ائیر‘ باکس آفس پر دھوم مچانے کو تیار


اس فلم کی خاص بات یہ ہے کہ کئی برسوں بعد یہ پہلی فلم ہے جس میں کرن کی فلموں کے ’ٹریڈمارک ‘ شاہ رخ خان نہیں

بالی وڈ کے میگا ڈائریکٹر کرن جوہر کی مستی، موج ، ہلاگلا اور نوجوانوں کی دلچسپیوں سے سجی فلم ’اسٹوڈنٹ آف دی ائیر‘ کل یعنی جمعہ19 اکتوبر کو بھارت بھر کے سینماوٴں کی زینت بننے جارہی ہے۔

دھرما پروڈکشنز اور ریڈ چلی انٹرٹینمنٹ کی مشترکہ پروڈکشن ’اسٹوڈنٹ آف دی ائیر‘ کے شوخ رنگ اورشرارتوں سے بھرپور پروموز اور گانوں نے پہلے ہی فلم لورز کے دل میں گھر کر لیا ہے اور اسی لئے سب ہی خصوصاً نوجوان فلم کے ’فرسٹ ڈے کے فرسٹ شو‘ کا بے تابی سے انتظار کر رہے ہیں۔

اس فلم کی خاص بات یہ ہے کہ کئی برسوں بعد یہ پہلی فلم ہے جس میں کرن کی فلموں کے ’ٹریڈمارک‘ شاہ رخ خان نہیں۔ جی ہاں!! کرن نے اس بار نیا تجربہ کرتے ہوئے نئے چہروں کو متعارف کرایا ہے۔عام طور پر نئے چہروں کو اپنی فلموں میں لینا کرن کا اسٹائل نہیں۔۔

جو نئے اداکار اس فلم سے بالی وڈ نگری میں قدم رکھ رہے ہیں ان میں شامل ہیں مایہ ناز ڈائریکٹر پروڈیوسر مہیش بھٹ کی صاحبزادی عالیہ بھٹ، ایک اور مقبول ڈائریکٹر ڈیوڈ دھون کے صاحبزادے ورون دھون اور سدھارتھ ملہوترا ۔ جبکہ سپورٹنگ رولز میں دکھائی دیں گے رشی کپوراور کرن کی میگا ہٹ فلم ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ میں رانی مکھرجی اور شاہ رخ کی بیٹی کا کردار ادا کرنے والی ثنا سعید۔۔۔موسیقی کی ذمہ داری نبھائی ہے وشال ۔شیکھر کی جوڑی نے جبکہ گانوں کے بول لکھے ہیں انویتا دت نے۔

بھارتی ویب سائٹ گلیم شیم کے مطابق ’اسٹوڈنٹ آف دی ائیر‘ میں وہ سب کچھ ہے جو آج کل کے نوجوانوں کی زندگی کا حصہ ہے۔ ہیوی بائیکس و اسپورٹس کارز سے لگا کر ڈسکو ڈانس تک ۔

اب کچھ بات ہو جائے کہانی کی۔۔ابھی مانیوسنگھ (سدھارتھ ملہوترا) اور روہن نندا (ورون دھون)دو مختلف دنیاوٴں کے باسی سینٹ ٹریسا اسکول ڈیرہ دون کے اسٹوڈنٹس بنتے ہیں تو دونوں کے ذہن میں ایک ہی ٹارگٹ ہے اور وہ ہے ’اسٹوڈنٹ آف دی ائیر ‘ کا اعزاز جیتنا۔۔

ابھی مانیو عرف ابھی کا تعلق مڈل کلاس سے ہے جو امیری اور کامیابی کی بلندیوں کو چھونے کا عزم رکھتا ہے۔ اس کے لئے ’ اسٹوڈنٹ آف دی ائیر‘ کی ٹرافی جیتنا کامیابی کے راستہ کا پہلا قدم سمجھتا ہے جبکہ روہن نندا یعنی ’رو‘ بزنس ٹائیکون کا بیٹا اپنے باپ پر اپنی صلاحیتیں ثابت کرنے کے لئے ’اسٹوڈنٹ آف دی ائیر ‘ کی ٹرافی ہر قیمت پر حاصل کرنا چاہتا ہے۔

ابھی اور رو کے درمیان اس مقصد کو پانے کے لئے شروع ہونے والی کشمکش لاکرز روم سے لے فٹبال گراوٴنڈ اور کینٹین تک سب ہی جگہ نمایاں ہوتی ہے۔ دونوں ہی ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔ یہ ضد بحث ابھی جاری ہی تھی کہ کچھ ایسی صورتحال پیدا ہوتی ہے جو ان دونوں کی دشمنی کو دوستی میں تبدیل کر دیتی ہے۔

لیکن کہانی میں ایک بار پھر ٹوئسٹ اس وقت آتا ہے جب کیمپس کی سب سے مقبول لڑکی شنایا سنگھانیا (عالیہ بھٹ) کی آمد ہوتی ہے۔اس کے بعد کیا ہوا ۔۔یہ جاننے کے لئے آپ کو دیکھنا ہوگی یہ فلم۔
XS
SM
MD
LG