رسائی کے لنکس

اسٹار پلس کی ڈرامہ سیریل 'پرتگیہ' میں نئی اداکارہ ثناء شیخ کی آمد


اسٹار پلس کی ڈرامہ سیریل 'پرتگیہ' میں نئی اداکارہ ثناء شیخ کی آمد
اسٹار پلس کی ڈرامہ سیریل 'پرتگیہ' میں نئی اداکارہ ثناء شیخ کی آمد

یہ تصاویر ثناء شیخ کی ہیں۔ ثناء بھارتی ٹی وی کا ابھرتا ہوا نام ہے ۔ان کا آبائی شہر ممبئی ہے ۔ وہ اسی وقت بھی یہیں رہتی ہیں اور یہیں سے انہوں نے اپنی تعلیم مکمل کی۔ ٹی وی سیریل" کیا مست لائف ہے" فن کی دنیا میں ان کے تعارف کا سبب بنا۔ ثناء سداکار بھی ہیں اور" ریڈیو مرچی" کا مشہور شو "آپ ہیں خوبصورت ثناء کے ساتھ" کرچکی ہیں۔ وہ سونی ٹی وی کی ڈرامہ سیریل "جیت جائیں گے ہم" اور "میرا نام کرے گی روشن" میں بھی اداکاری کرکے اپنا نام بنا چکی ہیں۔

ان دنوں وہ اسٹار پلس کی مشہور ڈرامہ سیریل "من کی آواز: پرتگیہ" میں ایک بہت اہم رول ادا کررہی ہیں۔ یہ رول ہے گنگا کا جو "پرتگیہ "کے سب سے اہم کردار سجن سنگھ کی داسی کا رول ہے۔سجن سنگھ گھر کا سربراہ ہونے کے ساتھ ساتھ ایک ظالم شخص بھی ہے جو اپنے آگے کسی کی نہیں سنتا اور وہی کرتا جو اس کا دل چاہے۔ گھر کا ہر فرد اس کے بے انتہا غصے ، ظلم ، رعب اور دبدبے سے ڈرتا ہے ۔ اس گھر میں وہی ہوتا ہے جو سجن سنگھ چاہتا ہے۔

سجن سنگھ کے گھر میں اس وقت زبردست ٹوئسٹ آتا ہے جب سجن سنگھ اپنے گاوٴں سے واپسی پر اپنے ساتھ ایک لڑکی گنگا (ثناء شیخ )کو لے آیا ہے ۔ وہ گنگا کو اپنی داسی یعنی ذاتی خدمت گزار بناکر رکھنا چاہتاہے جبکہ گنگا کو داسی کے معنی بھی معلوم نہیں۔سجن سنگھ کے اس اقدام نے پورے گھر کو ہلاکر رکھ دیا ہے ۔ خاص کر اس کی بیوی جو" اماں جی "کہلاتی ہے۔

ادھر سجن سنگھ کے بیٹے ، بیٹیاں گنگا کو اپنے باپ سے دور رکھنے کا ہر جتن کرتی ہیں مگر سب بیکار ثابت ہوتا ہے۔سجن سنگھ کی بیوی بڑھاپے میں اپنے شوہر کے قریب ایک جوان لڑکی کی قربت کا مفہوم اچھی طرح جانتی ہے لہذا اسے گنگا کسی طور اپنے گھر میں قبول نہیں۔

سیریل کی کہانی آگے کیا موڑ لے گی اور کون کس پر ہاوی ہوگا یہ تو آئندہ قسطوں میں ہی معلوم ہوسکے گا تاہم گنگا کا کردار ادا کرنے والی جواں سال اداکارہ ثناء شیخ کا کہنا ہے کہ وہ اپنے اس کردار سے شہرت کی بلندیوں کو چھو لیں گی۔

ثناء کا کہنا ہے "میں نے ڈرامے میں ایک غریب خاندان کی لڑکی کا رول اداکیا ہے۔ میرا باپ، سجن سنگھ کے ساتھ میرا سودا کرچکا ہے۔ سجن مجھے گاوٴں سے اپنے شہر والے گھر لے کرآیا ہے ۔ گنگا بہت بھولی ہے، اسے ذاتی خدمت گزار یا داسی کا مفہوم تک نہیں پتہ ۔ اس کے ساتھ سجن سنگھ کیا کرے گا، اس بات سے بھی وہ آگاہ نہیں۔ وہ سجھ رہی ہے کہ دوسری لڑکیوں کی طرح وہ اپنی سسرال آگئی ہے ۔

سجن سنگھ کے گھر آکر وہ بہت حیران ہے۔ کیوں کہ اس نے آج تک اتنی بڑی حویلی میں رہنا تو درکنار اس کے بارے میں سوچا تک نہیں۔ وہ گھر کے افراد کے نئے نئے کپڑے اور ان کے اٹھنے بیٹھے کے طریقہ کار اور امارت کو دیکھ کر حیران و پریشان ہے۔ وہ بھولی ضرور ہے مگر اسے معلوم ہے کہ اماں اس سے نفرت کیوں کرتی ہے۔

ادھر سیریل کا ہیرو کرشنا جو اپنی ہی ماں کے سبب اپنی بیوی سے دوریاں بڑھا بیٹھا ہے ، گنگا سے ہمدردی کرنے لگا ہے ۔ گنگا بھی کرشنا میں دلچسپی لینے لگی ہے ۔۔اس بات سے بے خبر کہ جب سجن سنگھ کو اس کا پتہ لگے گا تو گھر میں کیا قیامت آ ئے گی۔

ثنا کا کہنا ہے "میں اس سیریل کا حصہ بنی ،اس کی مجھے بہت خوشی ہے۔ یوں تو سیریل کے تمام ہی کردار بہت اچھے ہیں مگر سجن سنگھ کا کردار بہت دلچسپ اور انوکھا ہے۔ اس کا جو رعب اور دبدبا دکھایا گیا ہے وہ واقعی قابل دید ہے ۔ میرا نہیں خیال کہ کسی اور سیریل میں اس سے پہلے اس قدر دلچسپ کردار کسی کا رہا ہو۔"

XS
SM
MD
LG