رسائی کے لنکس

ایتھوپیا کے وزیر اعظم امن کا نوبیل انعام جیت گئے


ایتھوپیا کے وزیر اعظم ابی احمد۔ فائل فوٹو
ایتھوپیا کے وزیر اعظم ابی احمد۔ فائل فوٹو

ایتھوپیا کے وزیر اعظم ابی احمد کو ہمسایہ ملک ایریٹریا کے ساتھ امن بحال کرنے کے اعتراف میں امن کے نوبیل انعام سے نوازنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

وزیر اعظم ابی احمد کو 10 دسمبر کو ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں تقریب کے دوران اس ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ انہیں انعامی رقم کی مد میں نو لاکھ ڈالر بھی دیے جائیں گے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق، نارویجن نوبیل کمیٹی نے جمعے کو یہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایتھوپیا کے وزیر اعظم کو عالمی تعاون، اور امن کی کوششوں کے اعتراف میں نوبیل امن انعام سے نوازا جا رہا ہے۔ نوبیل کمیٹی کے مطابق، ہمسائیہ ملک ایریٹریا کے ساتھ سرحدی تنازع کے پرامن حل کا کریڈٹ بھی وزیر اعظم ابی احمد کو جاتا ہے۔

نوبیل انعام ہر سال 10 دسمبر کو سویڈن کے صنعت کار الفریڈ نوبیل کی برسی کے دن دیا جاتا ہے، جنہوں نے 1895 میں اس ایوارڈ کی بنیاد ڈالی تھی۔

ایتھوپیا اور ایریٹریا گزشتہ دو دہائیوں سے سرحدی تنازعات میں الجھے ہوئے تھے۔ دونوں ممالک کے مابین 1998 سے 2000 تک جنگ بھی جاری رہی تھی۔ گزشتہ سال جولائی 2018 میں دونوں ممالک قیام امن پر متفق ہو گئے تھے۔

ایتھوپیا کے وزیر اعظم سوڈان میں فوجی کونسل اور جمہوریت نواز قوتوں کے درمیان مصالحت کے لیے بھی کوشیں کرتے رہے ہیں۔

تینتالیس سالہ ابی احمد دو اپریل 2018 کو ایتھوپیا کے وزیر اعظم کے منصب پر فائز ہوئے تھے۔ ابی احمد اس سے قبل ایتھوپیا کے حساس ادارے میں بھی ملازمت کرتے رہے ہیں۔ وزیر اعظم بننے کے بعد انہوں نے ایتھوپیا میں متعدد سیاسی اور اقتصادی اصلاحات متعارف کروائی تھیں۔

XS
SM
MD
LG