رسائی کے لنکس

امریکہ، یورپی یونین کی جانب سے مصر میں پرتشدد واقعات کی مذمت


امریکہ، یورپی یونین کی جانب سے مصر میں پرتشدد واقعات کی مذمت
امریکہ، یورپی یونین کی جانب سے مصر میں پرتشدد واقعات کی مذمت

امریکہ اور یورپی یونین نے بدھ کے روز مصر میں پیش آنے والے پر تشدد واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے صدر حسنی مبارک کی حکومت سے برداشت کا مظاہرہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

وائٹ ہاوٴس کے ترجمان رابرٹ گبز نے بدھ کے روزصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ مصر میں مظاہرین پر ہونے والے تشدد کو سختی سے مسترد کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مصری حکومت کی ایماء پر کیے جانے والے تشدد کو فوری طور پر روکا جانا چاہیے۔

واضح رہے کہ بدھ کے روز مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں صدر حسنی مبارک کے حامیوں اور مخالفین کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں کم از کم ایک فرد ہلاک اور 400 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔ حکومت مخالف مظاہرین نے الزام عائد کیا ہے کہ ان پر تشدد میں سادہ لباس پولیس اہلکار ملوث تھے۔

دریں اثناء امریکی محکمہٴ خارجہ کے ترجمان پی جے کرولی نے بھی مصر کے پرامن مظاہرین اور صحافیوں پر ہونے والے تشدد کی مذمت کرتے ہوئے اسے مصری عوام کی خواہشات سے متصادم قرار دیا ہے۔

اس سے قبل یورپی یونین کی امورِ خارجہ کی نگران کیتھرائن ایشٹن نے بھی بدھ کے روز قاہرہ میں پیش آنے والے واقعات کی شدید مذمت کی تھی۔ صحافیوں سے گفتگو کے دوران انہوں نے مصری صدر حسنی مبارک کو مشورہ دیا کہ وہ صورتِ حال کو معمول پر لانے کیلیے راہیں تلاش کریں۔

ایشٹن کا کہنا تھا کہ صدر مبارک کی جانب سے مظاہرین کو یہ پیغام جانا چاہیے کہ ان کے مطالبات مصری صدر تک پہنچ گئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG