رسائی کے لنکس

یورپ پہنچنے والے پناہ گزینوں کی تعداد پانچ لاکھ ہو گئی


عالمی ادارے کے مطابق یورپ میں پناہ کے متلاشی ان مہاجرین میں سے تین لاکھ 83 ہزار یونان جب کہ ایک لاکھ 29 ہزار اٹلی کے ساحلوں پر پہنچے ہیں۔

اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین نے کہا ہے کہ رواں سال اب تک پانچ لاکھ سے زائد مہاجرین بحیرہ روم عبور کر کے یورپ پہنچ چکے ہیں اور اس تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

'یو این ایچ سی آر' نے منگل کو اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ رواں سال جنوری سے اب تک پانچ لاکھ 15 ہزار افراد مشرقِ وسطیٰ اور افریقہ کے جنگ اور غربت کے شکار ملکوں سے فرار ہو کر بہتر مستقبل کی تلاش میں یورپ آچکے ہیں۔

عالمی ادارے کے مطابق یورپ میں پناہ کے متلاشی ان مہاجرین میں سے تین لاکھ 83 ہزار یونان جب کہ ایک لاکھ 29 ہزار اٹلی کے ساحلوں پر پہنچے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق خستہ حال اور گنجائش سے زائد مسافروں سے لدی کشتیوں کے ذریعے بحیرۂ روم عبور کرنے کی کوشش کے دوران رواں سال اب تک تین ہزار سے زائد پناہ گزین ہلاک بھی ہوئے ہیں۔

رواں سال اب تک یورپ پہنچنے والے پناہ گزینوں میں سے نصف سے زائد تعداد کا تعلق شام سے ہے جو وہاں گزشتہ ساڑھے چار سال سے جاری خانہ جنگی کے باعث پناہ اور بہتر مستقبل کی تلاش میں یورپ کے آسودہ اور ترقی یافتہ ملکوں کا رخ کر رہے ہیں۔

پناہ گزینوں کی اتنی بڑی تعداد میں آمد اور ان کی آباد کاری سے متعلق معاملات نے یورپ کو سیاسی اور سماجی طور پر تقسیم کردیا ہے۔

یورپ کی سب سے بڑی معاشی طاقت جرمنی اور بعض شمالی یورپی ممالک ان مہاجرین کو قبول کرنے اور پناہ دینے کے حق میں ہیں جب کہ وسطی یورپ کےبیشتر ملک ان افراد کی آباد کاری تو کجا انہیں دوسرے ملکوں تک راہداری فراہم کرنے کی بھی سخت مخالفت کر رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG