رسائی کے لنکس

یورپی پارلیمنٹ نے پاکستان کو ’جی ایس پی پلس‘ کا درجہ دے دیا


گورنر پنجاب نے کہا کہ یہ درجہ حاصل ہونے سے 28 ملکوں میں پاکستانی گارمنٹس کی صنعت سے متعلق مصنوعات کی برآمدات پر ڈیوٹی بالکل ختم ہو جائے گی۔

یورپی پارلیمنٹ نے پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ دے دیا ہے جس کے تحت پاکستان کو یورپی ممالک تک ٹیکسٹائل مصنوعات کی ڈیوٹی فری برآمد کی سہولت حاصل ہو جائے گی۔

پاکستانی دفتر خارجہ سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ اس ایکٹ کی منظوری کا اطلاق یکم جنوری 2014 سے ہو گا۔

بیان میں کہا گیا کہ جی ایس پی پلس کا درجہ حاصل کرنے میں یورپی ممالک میں پاکستانی سفارت خانوں، وزارت تجارت اور گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے اہم کردار ادا کیا۔

بیان میں یورپی یونین میں شامل ممالک کے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا گیا کہ اس سے ملک کی اقتصادی بحالی کے لیے حکومت کی کوششوں کو تقویت ملے گی۔

وزیراعظم نواز شریف نے بھی کہا کہ یورپی ممالک کی منڈیوں تک پاکستانی مصنوعات کی رسائی حاصل کرنا حکومت کے ایجنڈے میں سرفہرست تھا۔ اُن کا کہنا تھا کہ اس فیصلے سے پاکستان کی برآمدات میں تیزی سے اضافہ ہو گا۔

پنجاب کے گورنر چودھری محمد سرور نے سرکاری میڈیا سے گفتگو میں یورپی یونین کے اس فیصلے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ’’28 ملکوں میں گارمنٹس کی صنعت سے متعلق مصنوعات پر ڈیوٹی بالکل ختم ہو جائے گی۔ پہلے دوسرے علاقائی ممالک بنگلہ دیش کو پاکستان پر فوقیت حاصل تھی لیکن اب پاکستان بھی اُس صف میں شامل ہو گیا ہے۔‘‘

اُنھوں نے کہا کہ جی ایس پی کا درجہ ملنے سے ناصرف پاکستان کی برآمدات بڑھیں گی بلکہ ملازمتوں کے نئے مواقع بھی ملیں گے۔

آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کے عہدیدار گوہر اعجاز نے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو چاہیئے کہ وہ پاکستانی صنعتوں کو بجلی و گیس کی فراہمی یقینی بنائے تاکہ صنعت کار جی ایس پی درجے سے فائدہ حاصل کر سکیں۔

یورپی یونین پاکستان کا اہم تجارتی شراکت دار ہے اور پاکستان کی سالانہ برآمدات کے 20 فیصد حصے کی منزل یورپی منڈیاں ہوتی ہیں۔ یورپ کو برآمد کی جانے والی منصوعات میں سے 75 فیصد کا تعلق ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی صنعتوں سے ہے۔
XS
SM
MD
LG