کراچی کا ایکسپو سینٹر جمعرات سے ایک مرتبہ پھر ہزاروں ملکی اور غیر ملکی خریداروں کی توجہ کا مرکز بننے والا ہے۔26فروری سے یکم مارچ تک یہاں ملک کی سب سے اہم تجارتی نمائش ’ایکسپو پاکستان 2015‘ شروع ہونے والی ہے۔
ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ٹی ڈی اے پی) ایکسپو 2015ء کی نگراں ہے، جس کے سربراہ، ایس ایم منیر کا کہنا ہے کہ انہیں اس چار روزہ نمائش سے ایک ارب ڈالر سے زائد مالیت کے برآمدی آرڈر ملنے کی توقع ہے، کیوں کہ ملکی و غیر ملکی تاجروں اور صنعت کاروں کے ساتھ ساتھ عام لوگ بھی ایکسپو 2015ء کے انعقاد میں غیر معمولی دلچسپی لے رہے ہیں۔
ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ، ’نویں ایکسپو پاکستان‘ میں لوگوں کی غیر معمولی دلچسپی خوشی کا باعث ہے۔ ہمارے لئے نمائش کا سب سے اہم سیگمنٹ فیشن شو ہے، جس میں ایسے ملبوسات دنیا کے سامنے پیش کئے جائیں گے جو نہ صرف ہماری تہذیب و ثقافت کی عکاسی کرتے ہیں بلکہ جدید دور کے تقاضوں سے بھی ہم آہنگ ہیں۔‘
فیشن شو، ایکسپو پاکستان 2015 کی خاص دلکشی
پبلسٹی فرم ’کیٹالسٹ پی آر‘ کے میڈیا منیجر، مجتبیٰ جاوید نے وائس آف امریکا کو بتایا: ’اس بار اس شو کی سب سے خاص بات اس میں ہونے والا فیشن شو ہے۔ اس شو میں ملک کے نامور ڈیزائنرز اپنی تخلیقات پیش کریں گے۔ 26 اور 27 فروری کو فیشن شو منعقد کیا جائے گا، جس میں سفارت کار اور غیرملکی اہم شخصیات سمیت 1500 سے زائد غیر ملکی خریدار بھی شرکت کریں گے۔
سیکریٹری ٹی ڈی اے پی، رابیعہ جویری آغا کے مطابق، اس سال یہ نمائش پچھلے سالوں کے مقابلے میں زیادہ بہتر انداز میں منعقد ہوگی۔ بقول اُن کے، ’یہ اپنی قسم کی منفرد نمائش ہے جس میں ملکی اور غیر ملکی خریداروں کی بڑی تعداد موجود ہوگی۔ اس نمائش اورفیشن شو کے ذریعے دنیا بھر میں پاکستان کے منفی امیج کو ختم کرنے میں بھی بہت مدد ملے گی۔‘
فیشن شو میں جو ڈیزائنرز اپنے تیار کردہ ملبوسات پیش کریں گے ان میں ظہیر عباس، سائی فیشن، عائشہ ہاشوانی، عاکف محمود، نکی نینا، سارہ سب لائم، عدنان پردیسی، آئی وی ایس، علی ذیشان، نوشابہ بروہی، زینب چھٹانی، نعمان آفرین، فراز منان، ارسلان اقبال، مشال لاکھانی اور ککی کونسپٹ شامل ہیں۔
ایس ایم منیر کے مطابق، نمائش میں 70 ملکوں سے تعلق رکھنے والے ہزار سے زائد غیر ملکی مندوبین شرکت کریں گے، جبکہ ٹریڈ وزیٹرز کی تعداد 30 ہزار تک پہنچنے کی توقع ہے۔ اب تک 789 غیرملکی مندوبین نمائش میں شرکت کی یقین دہانی کرا چکے ہیں۔ نمائش میں اسٹالز کی مجموعی تعداد 350 ہے۔