رسائی کے لنکس

کراچی میں دفاعی نمائش’آئیڈیاز 2014‘ کا افتتاح


نمائش میں77 پاکستانی اور 256 غیر ملکی کمپنیوں کی مصنوعات نمائش کے لئے پیش کی جارہی ہیں، جن میں روایتی ہتھیاروں کے ساتھ جدید کمیونی کیشن اور سرویلنس سسٹم بھی موجود ہے

کراچی ۔۔ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے پیر کو کراچی میں دفاعی ساز و سامان سے متعلق 8ویں بین الاقوامی نمائش ’آئیڈیاز 2014ء‘ کا افتتاح کیا۔ نمائش کراچی کے ایکسپو سینٹر میں چار روز تک جاری رہے گی۔

اس موقع پر ایک تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا جس سے وزیراعظم نے خطاب کیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ، ’خودمختاری، سلامتی اور بقاٴ آزاد ریاستوں کی اولین ترجیحات ہوتی ہیں اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے جدید ترین دفاعی نظام ضروری ہوتا ہے۔ پاکستان کے پاس ایسا ہی جدید دفاعی نظام موجود ہے۔‘

وزیر اعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ، ’پاکستان کو اپنی خود مختاری کے لئے بیشتر ممالک کے مقابلے میں ان سے زیادہ چیلنجز کا سامنا ہے، کیوں کہ سرد جنگ کے بعد صورتحال مزید پیچیدہ ہوگئی ہے۔‘

نمائش ’آئیڈیاز 2014ء‘ کے حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ، ’ہماری دفاعی صنعت مسلسل ترقی کر رہی ہے، محدود وسائل کے باوجود ہمارے ماہرین نے اس میدان میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ دفاعی نمائش آج خطے کی سب سے بڑی دفاعی نمائش بن گئی ہے جس میں مختلف ممالک کی 2 ہزار سے زائد دفاعی مصنوعات رکھی گئی ہیں۔‘

افتتاحی تقریب کے بعد انہوں نے میڈیا سے بھی بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ، ’پاکستانی دفاعی مصنوعات کا معیار دنیا کے بڑے ملکوں کے برابر ہے۔ ہماری مصنوعات دیکھ بیرون ملک سے آئے ہوئے وفود کی آنکھیں کھل گئی ہیں، اس لئے دفاعی سامان کی برآمد پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔‘

آئیڈیاز 2014ء
نمائش میں77 پاکستانی اور 256 غیر ملکی کمپنیوں کی مصنوعات نمائش کے لئے پیش کی جارہی ہیں، جن میں روایتی ہتھیاروں کے ساتھ جدید کمیونی کیشن اور سرویلنس سسٹم بھی موجود ہے۔

نمائش کے لئے پیش کیا گیا ساز و سامان
نمائش میں چین کے تعاون سے تیار کردہ جدید ترین لڑاکا طیارے جے ایف 17 تھنڈر، الخالد و الضرار ٹینک اور سعد بکتر بند گاڑیاں شامل ہیں ۔اس حوالے سے پیر کی شام کراچی کے ہوٹل میں سیمینار بھی منعقد کیا گیا۔

کراچی میں انتہائی سخت سیکورٹی
نمائش کے دوران شہر بھر میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ ایکسپو سینٹر پر سیکورٹی اداروں کا سخت پہرہ ہے جبکہ ٹریفک کے لئے متبادل انتظامات کئے گئے ہیں۔ تاہم، پیر کی شام یہ انتظامات ناکافی ثابت ہوئے۔ شہر کا شاید ہی کوئی حصہ ایسا ہوگا جہاں ٹریفک بری طرح جام نہ ہوا ہو۔

ٹریفک جام
چونکہ صبح سے ہی وی وی آئی پی موونٹ شروع ہوگئی تھی۔ اس لئے بیشتر سڑکیں صبح سویرے ہی بند کردی گئی جس کے سبب سینکڑوں افراد دفاتر اور تجارتی مراکز پر نہیں پہنچ سکے۔دن بھر شارع فیصل، حسن اسکوائر، اسٹیڈیم روڈ، کارساز روڈ، یونیورسٹی روڈ، نمائش، سر شاہ سلیمان روڈ، حسن اسکوائر، برنس روڈ، صدر، آئی آئی چندریگر روڈ، ٹاور اور اطرافی گلیوں اور شاہراوٴں پر ٹریفک جام رہا۔

XS
SM
MD
LG