رسائی کے لنکس

مستقبل میں دنیا کیسی ہوگی یہ’لینڈ آف آوٴٹ لاز‘ میں دیکھئے


سیریز مستقبل میں پیش آنے والے حالات و واقعات کے گرد گھومتی ہے۔ سیریز میں 2064ء کازمانہ دکھایا گیا ہے جس میں امریکہ کو دنیا میں تباہی پھیلانے والے وبائی وائرس کے اثرات سے نمٹتے دکھایا گیا ہے

ہالی وڈ ایکٹر فرحان طاہر نے جب سے چھوٹی اسکرین کا رخ کیا ہے، اپنی منجھی ہوئی اداکاری سے سال کی کئی ہٹ سیریز اپنے نام کرلی ہیں۔

ڈرامہ سیریلز ’سپر گرل سیٹسفیکشن یوایس اے‘ اور ’امریکن کرائم‘ کو خوب پذیرائی ملی جبکہ اب فرحان طاہر اپنے فن کے جوہر دکھانے کے لئے نئی ایکشن اور سائنس فکشن ٹی وی سیریز ’لینڈآف آوٴٹ لاز‘ میں نظرآنے والے ہیں۔

’لینڈ آف آوٴٹ لاز‘ کو پروڈیوس کیا ہے ٹپ ٹو پکچرز نے۔ پبلسٹی فرم پچ میڈیا کی پبلسسٹ عنبر نے وائس آف امریکہ کو ’لینڈ آف آوٴٹ لاز‘ کے بارے میں بتایا کہ سیریز مستقبل میں پیش آنے والے حالات و واقعات کے گرد گھومتی ہے ۔ سیریز میں 2064ء کازمانہ دکھایا گیا ہے جس میں امریکہ کو دنیا میں تباہی پھیلانے والے وبائی وائرس کے اثرات سے نمٹتے دکھایا گیا ہے۔

وائرس سے ہونے والی تباہی کے بعد دنیا میں بچی کھچی ٹیکنالوجی کے استعمال پر پابندی اوراس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی مشکلات بھی سیریز کا حصہ ہیں۔ اس دورمیں دنیا پر لامین کا راج دکھایا گیا ہے۔

روکس ویلی قصبے میں کی گئی کچھ تبدیلیوں کے بعد قصبے میں قتل اور لوٹ مار کا جو سلسلہ شروع ہوتا ہے، اس سے پولیس ڈپارٹمنٹ کی ساکھ خطرے میں پڑ جاتی ہے۔ ایسے میں دیانت دار ڈپٹی کرٹس ایمز اور اس کا ساتھی اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر کرپٹ لامین کے گینگ کو پکڑنے اور قانون کے کٹہرے میں لانے کا فیصلہ کرتے ہیں۔

فرحان طاہر سیریز میں یوٹاہیر جو کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ یوٹا ایک سابق وکیل ہے جو ساوٴتھ سائیڈ گینگ کا لیڈر ہے۔یہ گینگ قبائلی طرز کا ہے جو پھانستے اور شکار کرتے ہیں۔

اس گینگ کے ارکان ماضی کے قدیم امریکیوں کی طرح جانوروں کی کھالیں پہنتے ہیں۔ گینگ کے ارکان ایک نیا نیٹ ورک بنانے کے لئے بچی کھچی ٹیکنالوجی حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور اس کوشش کے دوران یہ کھالیں ان کی اصل شناخت چھپانے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔

گزرتے سالوں میں یوٹا قصبے کے قانون سے متعلق زیادہ سخت ہوجاتا ہے۔ یوٹا اور اس کے قبیلے کے لوگوں کی کوشش ہوتی ہے کہ لا مین سے ان کا سامنا نہ ہو اور وہ چھپ کر اپنی کارووائیاں کرتے رہیں۔ لیکن کہیں نا کہیں لا مین اور ان کا سامنا ہوہی جاتا ہے۔

سیریز میں مزید کیا ڈرامائی اتار چڑھاوٴ آتے ہیں اس کا پتا سیریز آن ائیر ہونے کے بعد چلے گا۔

XS
SM
MD
LG