رسائی کے لنکس

ریکارڈ تو نہ ٹوٹا، زندگی کی ڈور ٹوٹ گئی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ کی سب سے تیز رفتار خاتون ڈرائیور جیسی کومبز اپنا ہی تیز رفتاری کا ریکارڈ توڑنے کی کوشش میں کار کے حادثے میں ہلاک ہو گئی ہے۔

شمال مغربی امریکی ریاست ارویگان کے حکام کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جیسی کی ریسنگ کار کو منگل کے روز صحرائے ایلورڈ میں حادثہ پیش آیا جو اتنا شديد تھا کہ وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گئی۔

جیسی کومبز کی عمر 39 سال تھی۔ انہیں 2013 میں اس وقت ’ سب سے تیز رفتار خاتون‘ کا اعزاز ملا تھا جب انہوں نے 398 میل یعنی 641 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے اپنی کار دوڑائی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ مہلک حادثہ اپنا ہی قائم کردہ ریکارڈ توڑنے کی کوشش کے دوران پیش آیا۔

ارویگان کی ہیرنی کاؤنٹی کے شیرف کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فی الحال یہ معلوم نہیں ہے کہ حادثہ کیوں پیش آیا۔ اس سلسلے میں تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ جیسی کا انتقال موقع پر ہی ہو گیا تھا۔

کے ٹی وائی زی کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ حادثہ اس وقت ہوا جب جیسی ایک خشک جھیل کے میدان میں اپنی جٹ انجن کی کار چلا رہی تھی۔

سن 2013 میں ’ سب سے تیز رفتار خاتون ‘ کا اعزاز حاصل کرنے کے بعد جیسی کومبز کئی ٹیلی وژن شوز میں آئیں تھیں اور اپنے ریکارڈ کے متعلق انٹرویوز دیے تھے۔

اپنے مہلک حادثے سے پہلے اتوار کے روز جیسی نے انسٹاگرام پر اپنی ایک پوسٹ میں لکھا تھا کہ لوگ کہتے ہیں کہ میں پاگل ہوں۔ میں کہتی ہوں کہ آپ کا شکریہ۔

توقع کی جارہی تھی کہ وہ اپنی نئی کوشش کے دوران ریکارڈ توڑنے میں کامیاب ہوجائیں گی۔ (فائل فوٹو)
توقع کی جارہی تھی کہ وہ اپنی نئی کوشش کے دوران ریکارڈ توڑنے میں کامیاب ہوجائیں گی۔ (فائل فوٹو)

انہوں نے پچھلے سال اکتوبر میں بھی اپنا سابقہ ریکارڈ توڑنے کی کوشش کی تھی اور ان کار کی رفتار 483 میل فی گھنٹہ تک پہنچ گئی تھی لیکن تکنیکی وجوہ کی بنا پر یہ ریکارڈ قائم نہیں ہو سکا تھا کیونکہ ان کی کار میں خرابی پیدا ہو گئی تھی اور وہ واپسی کا چکر نہیں لگا سکی تھی۔ ریکارڈ کے اندراج کے لیے ضروری ہے کہ اسی راستے پر اسی رفتار سے واپسی کا سفر بھی مکمل کیا جائے۔

منگل کے روز جب ان کی جٹ کار کو حادثہ پیش آیا، انہیں توقع تھی کہ وہ تیز رفتاری کا نیا ریکارڈ قائم کرنے میں کامیاب ہو جائیں گی۔

تاہم اتنی تیز کار چلانے کے باوجود ان کے پاس تیز رفتاری کا عالمی اعزاز نہیں۔ یہ اعزاز ایک امریکی خاتون کٹی او نیل کے پاس ہے جنہوں نے 1976 میں صحرائے ایلورڈ میں تین پہیوں والی گاڑی 512 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑا کر یہ عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔

جیسی کومبز،کٹی کا ریکارڈ توڑنے کی کوشش کر رہی تھی لیکن جان لیوا حادثے نے اسے اس کی مہلت نہیں دی۔

XS
SM
MD
LG