رسائی کے لنکس

ٹرمپ کے انتخابی اشتہار میں میرا بیان سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا: فاؤچی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ میں متعدی امراض کے ماہر ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ کی انتخابی مہم کے ایک اشتہار میں اُن کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا ہے۔

فاؤچی کا کہنا ہے کہ ہفتے جو جاری ہونے والے اشتہار میں اُن کی مرضی کے بغیر اُن کا بیان شامل کیا گیا ہے۔

نشریاتی ادارے 'سی این این' پر جاری ڈاکٹر فاؤچی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ انہوں نے پانچ دہائیوں پر مشتمل اپنی سروس میں کبھی کسی بھی سیاسی امیدوار کی حمایت کرنے پر اصرار نہیں کیا۔

اُن کے بقول صدر ٹرمپ کے انتخابی اشتہار میں اُن کے بیان کو اجازت کے بغیر چلایا گیا ہے اور جو کچھ اشتہار میں دکھایا گیا ہے اس کا ہرگز وہ مطلب نہیں ہے جسے اشتہار میں پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

اُن کے بقول وفاقی صحت کے حکام کی خدمات سے متعلق انہوں نے کئی ماہ قبل یہ بات کی تھی جس کا ذکر اشتہار میں دکھایا گیا ہے۔

یاد رہے کہ 30 سیکنڈ کے دورانیے پر مشتمل ہفتے جو جاری ہونے والے صدر ٹرمپ کے انتخابی اشتہار میں ڈاکٹر فاؤچی کا ایک جملہ شامل ہے جس میں اُن کا کہنا تھا کہ میں تصور نہیں کر سکتا کہ کوئی بھی شخص زیادہ کام کر سکتا ہے۔

اشتہار کے پہلے حصے میں دکھایا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ کرونا سے صحت یاب ہو گئے ہیں اور وہ ایک رہنما کی حیثیت سے وائرس کا مقابلہ کر رہے ہیں۔

اشتہار میں شامل ڈاکٹر فاؤچی کا بیان مارچ میں فاکس نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو کا حصہ تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کبھی اس طرح کے خطرے کا سامنا نہیں کیا۔

یاد رہے کہ ڈاکٹر فاؤچی کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے صدر ٹرمپ کی تشکیل کردہ ٹاسک فورس کا حصہ تھے اور وہ کرونا سے نمٹنے کے لیے گائیڈ لائنز جاری کرتے رہے تھے۔ تاہم کئی مواقع پر ان کے صدر ٹرمپ سے اختلافات بھی سامنے آئے تھے۔

صدر ٹرمپ کی انتخابی مہم کے کمیونی کیشن ڈائریکٹر ٹم مرتھو نے ڈاکٹر فاؤچی کے بیان پر ردِ عمل میں کہا ہے کہ اشتہار میں دکھایا گیا کلپ ڈاکٹر فاؤچی کے اپنے الفاظ ہیں۔ اُن کے بقول قومی سطح کے ٹی وی پر نشر ہونے والے ڈاکٹر فاؤچی کے ایک انٹرویو سے ویڈیو کلپ لیا گیا ہے جس میں وہ صدر ٹرمپ کی انتظامیہ کی تعریف کر رہے ہیں۔

ٹم مرتھو نے مزید کہا کہ ڈاکٹر فاؤچی کے الفاظ درست اور وہی ہیں جو ان کے منہ سے ادا ہوئے تھے۔

صدر ٹرمپ نے بھی اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ درحقیقت یہ الفاظ ڈاکٹر فاؤچی کے ہی ہیں۔ ہم نے غیر معمولی کام انجام دیا ہے جس سے بہت سے لوگ اتفاق کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ کرونا وائرس سے امریکہ میں اب تک دو لاکھ 14 ہزار سے زیادہ اموات ہو چکی ہیں جو دنیا میں کسی بھی ملک کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہیں۔

جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں 77 لاکھ سے زیادہ افراد کرونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب صدر ٹرمپ کے مخالف ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار جو بائیڈن کی انتخابی مہم کی جانب سے صدر ٹرمپ کے اشتہار سے متعلق اب تک کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

جو بائیڈن کئی مواقع پر کرونا وائرس سے نمٹنے کی ٹرمپ کی حکمتِ عملی پر تنقید کرتے رہے ہیں۔

حال ہی میں 'این بی سی' نیوز سے بات کرتے ہوئے بائیڈن کا کہنا تھا کہ وہ ریاستوں کے گورنرز، میئرز اور کاؤنٹی کے ذمہ داروں پر زور دیں گے کہ وہ اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے ماسک پہننے کو لازمی قرار دیں۔ اس سے قبل بائیڈن قومی سطح پر ماسک پہننے کا مطالبہ بھی کر چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG