ڈیشنگ ہیرو فواد خان کی کرکٹ سے غیرمعمولی دلچسپی کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں اور مقابلہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہو تو فوادخان باقی سب کچھ بھلا دیتے ہیں۔ لیکن اس بار معاملہ کچھ مختلف ہے اور فواد پرجوش تو ہیں لیکن اپنی فلم ”کپور اینڈ سنز“ کے لیے۔
یہ اتفاق ہے کہ ’کپوراینڈسنز‘ جمعے کو سینما گھروں کی زینت بنی ہے اور ہفتے کو ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کا میچ ہے جس کے لیے سب بے تاب ہیں اور ہرجگہ پاک بھارت میچ کے چرچے ہیں۔ ایسی فضا اور ماحول میں بھی کرکٹ لور فواد خان میچ کے مقابلے میں اپنی فلم کے بارے میں زیادہ پرجوش ہیں۔
بھارتی چینل ’سی این این۔ آئی بی این‘ کے مطابق ”کپوراینڈسنز“ کی خصوصی اسکریننگ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں فوادخان نے بتایا کہ وہ پرجوش تو ہیں لیکن اپنی فلم کے لیے کیوں کہ فلم ان کے لیے فی الحال میچ سے زیادہ ضروری ہے۔
فوادخان کو یقین ہے کہ ”کپور اینڈ سنز“ نہ صرف بھارت بلکہ عالمی باکس آفس پربھی کامیابی کے جھنڈے گاڑے گی۔ بقول فواد ”کپور اینڈ سنز“ دل کو چھو لینے والا فیملی ڈرامہ ہے۔ فلم دلچسپ اور سادہ ہے اور اس کی کامیابی کے لیے کوئی مصالحہ ڈالنے کی ضرورت ہی نہیں پڑی۔
کپور اینڈ سنز میں فواد خان کے علاوہ رشی کپور، سدھارتھ ملہوترا، عالیہ بھٹ، رتنا پاٹھک اور رجت کپور نے اہم کردار ادا کیے ہیں۔ کرن جوہر کی دھرما پروڈکشنز کی اس فلم کے ڈائریکٹر شکن بٹرا ہیں۔