رسائی کے لنکس

فیصل قریشی ہم ٹی وی پر ’گیم شو‘ کی میزبانی کریں گے


پانچ سال تک مارننگ شو ’مسکراتی مارننگ‘ کی کامیاب میزبانی کے بعد اب فیصل قریشی ہم ٹی وی سے ایک ’گیم شو‘ ہوسٹ کرنے والے ہیں، جو فروری سے آن ائیر ہوگا

فیصل قریشی نہ صرف ورسٹائل ایکٹر ہیں، بلکہ ٹی وی شوز کے مقبول میزبان بھی۔۔ جو اپنے بے تکلف اور سادگی بھرے انداز سے لوگوں کے دل جیت لیتے ہیں۔

پانچ سال تک مارننگ شو ’مسکراتی مارننگ‘ کی کامیاب میزبانی کے بعد اب فیصل قریشی ہم ٹی وی سے ایک ’گیم شو‘ ہوسٹ کرنے والے ہیں جو فروری سے آن ائیر ہوگا۔

فیصل کی حقیقت سے قریب تر اداکاری کو تو سب ہی سراہتے ہیں۔ لیکن، خود فیصل رئیلٹی شوز کرنا پسند کرتے ہیں۔ وائس آف امریکا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل قریشی نے کہا کہ ’میرے حساب سے، ایکٹنگ خیالی دنیا کا معاملہ ہے جبکہ کسی شو کا میزبان بننا حقیقت۔رئیلٹی شو کے ذریعے ہی میں عام زندگی کے مسائل اور حقیقتوں کو جان پاتا ہوں۔‘

فیصل کے بقول، ’رئیلٹی شوہی وہ پلیٹ فارم ہوتا ہے جو مختلف لوگوں سے ملنے کا موقع فراہم کرتا ہے، جس سے میں بہت کچھ سیکھتا ہوں۔ نئے گیم شو کے حوالے سے بھی میں بہت پرجوش ہوں، کیونکہ گیم شو کی میزبانی میرے لئے بھی نیا اور مختلف تجربہ ہوگا۔ گیم شو لوگوں میں خوشیاں بانٹنے کا ذریعہ ہے اور مجھے خوشی ہے کہ میں بھی اس میں اپنا حصہ ڈال سکوں گا۔‘

فیصل قریشی نے اس یقین کا بھی اظہار کیا ہے کہ گیم شو نہ صرف ان کے ڈائی ہارڈ فینز پسند کریں گے، بلکہ ٹی وی دیکھنے والے سبھی ناظرین اس گیم شو سے بھرپور لطف اٹھائیں گے اور تفریح حاصل کریں گے۔

بتایا گیا ہے کہ فیصل قریشی کی میزبانی سے سجے گیم شو کی تفصیلات ہم ٹی وی کی انتظامیہ جلد میڈیا سے شیئر کرے گی۔

XS
SM
MD
LG