رسائی کے لنکس

فضل الرحمٰن نے بطور نگراں وزیراعلیٰ سندھ حلف اٹھا لیا


گورنر سندھ نے فضل الرحمٰن سے ان کے عہدے کا حلف لیا
گورنر سندھ نے فضل الرحمٰن سے ان کے عہدے کا حلف لیا

کراچی میں ہفتہ کو گورنر ہاﺅس سندھ میں منعقدہ تقریب میں گورنر سندھ محمد زبیر نے فضل الرحمن سے اس عہدے کا حلف لیا۔ تقریب میں سبکدوش ہونے والے وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ، اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج دررانی، ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا، میئر کراچی وسیم اختر اور سابق صوبائی وزراء نے شرکت کی.

نگراں وزیر اعلیٰ سندھ فضل الرحمن نے اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد گورنر سندھ محمد زبیر سے ملاقات کی۔

ترجمان گورنر ہاؤس کے مطابق 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات کو صاف و شفاف اور منصفانہ بنانے کے اقدامات، تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کے یکساں مواقع کی فراہمی، پولنگ والے دن امن و امان کو یقینی بنانے سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر سندھ نے امید ظاہر کی کہ نگراں حکومت احسن طریقے سے اور عوام کی توقعات کے مطابق اپنے فرائض ادا کرے گی۔

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ آئندہ انتخابات "ہماری سیاسی تاریخ کا اہم ترین موڑ ثابت ہوں گے کیونکہ یہ ایک ایسے وقت ہورہے ہیں جب گزشتہ 5 سال کے دوران امن و امان کے قیام اور معاشی ترقی و خوشحالی کے لئے کئی ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں۔"

فضل الرحمن سندھ کے ساتویں نگراں وزیر اعلیٰ ہیں جن کی تقرری حزب اقتدار اور حزب مخالف کے متفقہ فیصلے سے کی گئی.

وفاقی نگراں حکومت کے بعد اب تک سندھ واحد صوبہ ہے جہاں اتفاق رائے کے بعد صوبائی نگراں وزیراعلیٰ کا تقرر ہوا ہے. دوسرے مرحلے میں نگراں وزیر اعلیٰ کابینہ کے اراکین بھی مقرر کریں گے۔

  • 16x9 Image

    محمد ثاقب

    محمد ثاقب 2007 سے صحافت سے منسلک ہیں اور 2017 سے وائس آف امریکہ کے کراچی میں رپورٹر کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ وہ کئی دیگر ٹی وی چینلز اور غیر ملکی میڈیا کے لیے بھی کام کرچکے ہیں۔ ان کی دلچسپی کے شعبے سیاست، معیشت اور معاشرتی تفرقات ہیں۔ محمد ثاقب وائس آف امریکہ کے لیے ایک ٹی وی شو کی میزبانی بھی کر چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG