بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں جمعرات کی صبح فرنٹئیر کور کی ایک چوکی پر مسلح افراد کے حملے میں پانچ اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔
مقامی حکام کے مطابق تحصیل سوئی کے علاقے میں ایف سی چوکی پر مختلف اطراف سے حملہ آوروں نے خود کار ہتھیاروں سے فائرنگ کی۔ اس واقعے کے بعد اضافی نفری علاقے میں بھیج دی گئی اور ایف سی اہلکار مقامی انتظامیہ کے ساتھ مل کر اس حملے میں ملوث افراد کی تلاش کے لیے چھاپے مار رہے ہیں۔
سوئی اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں اس سے قبل بھی علیحدگی پسند جنگجو نیم فوجی فورس ’فرنٹیئر کور‘ یعنی ایف سی کی چوکیوں اور ان کے قافلوں پر حملے کرتے رہے ہیں۔
صوبے کے شورش زدہ مگر تیل و گیس سے مالا مال اضلاع میں سکیورٹی فورسز پر حملوں کی ذمہ داری کالعدم بلوچ لبریشن آرمی قبول کرتی آئی ہے۔