رسائی کے لنکس

فیفا ورلڈ کپ: ارجنٹائن اور پولینڈ پری کوارٹر فائنل میں، تیونس اور ڈنمارک کا سفر ختم


ارجنٹائن نے پولینڈ کے خلاف دو صفر سے کامیابی حاصل کرکے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔
ارجنٹائن نے پولینڈ کے خلاف دو صفر سے کامیابی حاصل کرکے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔

فٹ بال ورلڈ کپ میں سنسنی خیز مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ گروپ سی اور گروپ ڈی سے کون سی ٹیمیں پری کوارٹر فائنل میں پہنچیں گی؟ اس کا فیصلہ ہوگیا ہے۔

لیونل میسی کی ٹیم ارجنٹائن جسے گروپ میچ میں سعودی عرب سے شکست ہوئی تھی، اس نے پولینڈ کے خلاف دو صفر سے کامیابی حاصل کرکے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔

دفاعی چیمپئن فرانس کو آخری گروپ میچ میں تیونس کے ہاتھوں ایک صفر سے اپ سیٹ شکست ہوئیَ۔ لیکن پولینڈ کی طرح پوائنٹس ٹیبل پر بہتر پوزیشن کی وجہ سے دونوں یورپی ٹیمیں راؤنڈ آف سکسٹین میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئیں ہیں۔

ڈنمارک کی ٹیم بھی آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگئی ۔ کامیابی کی وجہ سے آسٹریلوی ٹیم نے دوسری مرتبہ پری کواٹر فائنل کے لیے کوالی فائی کیا۔

میکسیکو کی ٹیم سعودی عرب کو دو ایک سے شکست دینے کے باوجود دوسرے راؤنڈ میں نہ پہنچ سکی، ان کی خراب گول اوسط دوسرے راؤنڈ کے بیچ میں حائل ہوگئے۔

بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب کھیلے گئے گروپ سی کے میچ میں پولینڈ کی ٹیم ارجنٹائن کے خلاف بجھی بجھی نظر آئی۔ لیونل میسی کی ٹیم نے پولش گول پر تابر توڑ حملے کیے لیکن ناکام رہی۔ پہلے ہاف کے اختتام سے قبل دو بار کی سابق چیمپئن ٹیم کو ایک 'پنلٹی کک' ملی جسے کپتان میسی نے پھینکا تھا لیکن پولش گول کیپر نے اسے روک لیا۔

کھیل کے دوسرے ہاف کے دوسرے ہی منٹ میں ارجنٹائن کے مک ایلسٹر نے گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی جسے 67ویں منٹ میں الوریز نے دو صفر میں تبدیل کردیا۔

پولش ڈیفنڈرز کا کھیل پورے میچ میں مایوس کن رہا۔ اگر ارجنٹائن کی ٹیم مزید ایک گول اسکور کردیتی تو شاید میکسیکو کی ٹیم پولینڈ کی جگہ دوسرے راؤنڈ کا حصہ ہوتی لیکن آخری لمحات میں گول کیپر نے ایسا ہونے نہیں دیا۔

فرانس کو دوسرے راؤنڈ میں انٹری سے قبل دھچکا

دو بار کی چیمپئن ٹیم فرانس اس بار اعزاز کا دفاع کرنے قطر آئی ہے لیکن چوتھے نمبر کی دفاعی چیمپئن کو 30ویں نمبر کی تیونس کی ٹیم شکست دے گی، ایسا کسی نے نہ سوچا تھا۔

شمالی افریقی ٹیم نے گروپ ڈی کے میچ میں فرانس سے بہتر تو نہیں کھیلا لیکن گول کے اعتبار سے دونوں ٹیموں کی تعداد برابر تھی۔ 58ویں منٹ میں وحبی خضری کے گول نے تیونس کو وہ برتری دلادی جس کی وجہ سے فرانس کی ٹیم کو 2014 کے بعد پہلی بار ورلڈ کپ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

اس اپ سیٹ شکست کے باوجود فرانس کی ٹیم نے اگلے مرحلے میں جگہ بنالی۔ کیوں کہ اس نے پہلے دو میچ جیت کر چھ پوائنٹس حاصل کرلیے تھے۔

دوسری جانب گروپ سی کے میچ میں میکسیکو نے سعودی عرب کو شکست دے کر تین قیمتی پوائنٹس حاصل کرلیے تھے۔ لیکن جب کھیل کے اضافی وقت میں سعودی عرب نے اپنے میچ کا پہلا گول اسکور کیا تو چار پوائنٹس والی میکسیکو کی گول اوسط بگڑ گئی، اور پولینڈ کی ٹیم برابر پوائنٹس ہونے کے باوجود دوسرے مرحلے میں پہنچ گئی۔

سعودی عرب کی ٹیم ارجنٹائن کو شکست دینے کی وجہ سے یہ ورلڈ کپ یاد رکھے گی جب کہ گرو پ ڈی کی ڈنمارک کے لیے یہ ایونٹ کسی ڈراؤنے خواب سے کم نہیں تھا۔ تین میچز کے بعد صرف ایک پوائنٹ لینے والی ٹیم نے ورلڈ کپ میں کوئی بھی میچ نہیں جیتا۔

اہم میچ میں گول پر آسٹریلیا کے چار حملوں کے جواب میں تین اٹیک کرنے والی ڈینس ٹیم مخالف کھلاڑی میتھیو لیکی کے 60ویں منٹ میں ہونے والے گول سے کم بیک نہ کرسکی۔ اور ایک صفر سے شکست کے بعد ٹورنامنٹ سے آؤٹ ہوگئی۔

سن 2006 کے بعد یہ دوسرا موقع ہے جب آسٹریلیا کی ٹیم نے فٹ بال ورلڈ کپ کے دوسرے مرحلے میں جگہ بنائی۔ کھلاڑیوں کی کوشش ہوگی کہ اس بار ان کا سفر راؤنڈ آف سکسٹین سے بھی آگے جائے۔ کیوں کہ گزشتہ مرتبہ انہیں پہلے ہی ناک آؤٹ میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

مختلف اوقات میں چار میچز

ایونٹ میں جمعرات کو گروپ ای اور گروپ ایف کے آخری گروپ میچ کھیلے جائیں گے۔ پاکستانی وقت کے مطابق رات آٹھ بجے گروپ ایف کے پہلے کھیلے جانے والے میچوں میں کرویشیا کا مقابلہ بیلجئم سے ہوگا جب کہ کینیڈا اور مراکش کی ٹیمیں اسی وقت مدمقابل ہوں گی۔

عالمی نمبر تین بیلجئم نے اگر کرویشیا کو شکست نہ دی تو اس کا سفر اسی راؤنڈ تک محدود رہے گا کیوں کہ کرویشیا اور مراکش دونوں کے چار چار پوائنٹس ہیں۔ اور بیلجئم کی شکست یا ڈرا کھیلنے کی صورت میں کرویشیا اور مراکش دونوں ترقی پاکر دوسرے مرحلے میں پہنچ جائیں گے۔

مراکش کی ٹیم کو صرف کینیڈا سے بڑی شکست ہی ایونٹ سے باہر کرسکتی ہے۔ کیوں کہ ان کا گول اوسط اچھا ہے جب کہ پوائنٹس ٹیبل پر ان کی پوزیشن بھی مستحکم ہے۔ کینیڈا کے پاس ایونٹ میں ترقی کا کوئی چانس نہیں۔ میزبان قطر کی طرح وہ بھی دوسرے مرحلے کی دوڑ سے باہر ہوچکی ہے۔

ان کے علاوہ گروپ ای کی چاروں ٹیمیں اسپین، جاپان، کوسٹا ریکا اور جرمنی رات 12 بجے ایونٹ میں اپنی بقا کی جنگ لڑیں گی۔ اگر اسپین نے جاپان کو شکست دے دی تو ان کے سات پوائنٹس ہوجائیں گے اور وہ پوائنٹس ٹیبل پر گروپ ای میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرلے گی۔ البتہ ڈرا کی صورت میں اسے دوسری پوزیشن پراکتفا کرنا پڑسکتا ہے۔

اس وقت جاپان اور کوسٹا ریکا دونوں کے تین تین پوائنٹس ہیں۔ اگر انہوں نے اپنے اپنے میچ جیت لیے تو اسپین اور جرمنی دونوں کی چھٹی ہوسکتی ہے۔ ڈرا کھیلنے کی صورت میں دونوں ٹیموں کے چار چار پوائنٹس ہوجائیں گےاور بہتر گول اوسط والی ٹیم اسپین کے بعد دوسرے نمبر پر جگہ بنائے گی۔

اس گروپ کی تیسری ٹیم جرمنی کے پاس سوائے میچ جیتنےکے کوئی اور راستہ نہیں ہے۔ کیوں کہ ڈرا یا شکست کی صورت میں چار مرتبہ کی عالمی چیمپئن کا سفر پہلے ہی مرحلے میں ختم ہوجائے گا۔

اگر جرمنی نے اپنا میچ جیت لیا اور جاپان کی ٹیم نے اسپین سے ڈرا میچ کھیلا تو جس ٹیم کی بہتر گول اوسط ہوگی وہی دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنائے گی۔

پہلا پری کوارٹر فائنل تین دسمبر کو رات آٹھ بجے نیدرلینڈز اور امریکہ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ جب کہ دوسرے پری کوارٹر فائنل میں ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب رات 12 بجے ارجنٹائن اور آسٹریلیا کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

اتوار کو ہی رات آٹھ بجے دفاعی چیمپئن فرانس اور پولینڈ کی ٹیمیں اگلے مرحلے تک رسائی کے لیے تیسرے کوارٹر فائنل میں میدان میں اتریں گی۔ جب کہ سینیگال اور انگلینڈ کی ٹیمیں اتوار اور پیر کی دمیانی شب رات 12 بجے چوتھے پری کوارٹر فائنل میں آمنے سامنے ہوں گی۔

باقی پری کوارٹر فائنل میچ کن ٹیموں کے درمیان ہوں گے؟ اس کا فیصلہ جمعرات اور جمعے کو ہونے والے میچز کے بعد ہوگا۔

  • 16x9 Image

    عمیر علوی

    عمیر علوی 1998 سے شوبز اور اسپورٹس صحافت سے وابستہ ہیں۔ پاکستان کے نامور انگریزی اخبارات اور جرائد میں فلم، ٹی وی ڈراموں اور کتابوں پر ان کے تبصرے شائع ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد نام وَر ہالی وڈ، بالی وڈ اور پاکستانی اداکاروں کے انٹرویوز بھی کر چکے ہیں۔ عمیر علوی انڈین اور پاکستانی فلم میوزک کے دل دادہ ہیں اور مختلف موضوعات پر کتابیں جمع کرنا ان کا شوق ہے۔

XS
SM
MD
LG