رسائی کے لنکس

عراق: جنگجووں اور سیکیورٹی فورسز میں جھڑپیں، 15 ہلاک


عراق کے ایک شمالی قصبے میں جنگجووں اور عراقی سیکیورٹی فورسز کے مابین ہونے والی جھڑپوں میں کم از کم 15 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

عراق کے ایک شمالی قصبے میں جنگجووں اور عراقی سیکیورٹی فورسز کے مابین ہونے والی جھڑپوں میں کم از کم 15 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

حکام کے مطابق جھڑپیں بغداد سے 160 کلومیٹر شمال میں واقع 'سلیمان پیک' نامی قصبے میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب شروع ہوئیں۔

عینی شاہدین کے مطابق مسلح جنگجو قصبے کے بڑے حصے پر قابض ہوگئے ہیں جنہیں وہاں سے نکالنے کے لیے فوج کے چار ہیلی کاپٹروں نے علاقے پر بمباری بھی کی ہے۔

ایک نزدیکی قصبے کے میئر شلال عابد نے ٹیلی فون پر برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کو بتایا ہے کہ فریقین کے مابین جھڑپیں تاحال جاری ہیں۔

میئر کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 10 شدت پسند اور پانچ فوجی شامل ہیں۔

خیال رہے کہ منگل کو حویجہ نامی قصبے میں سرکاری فورسز کی جانب سے سنی مسلمانوں کے ایک احتجاجی کیمپ پر دھاوے اور اس کے نتیجے میں شروع ہونے والی جھڑپوں میں 40 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

ہلاکتوں کے بعد عراق کے سنی اکثریتی علاقوں میں کشیدگی میں اضافہ ہوگیا تھا جب کہ کئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے بھی ہوئے تھے۔

مظاہرین عراق کے وزیرِاعظم نوری المالکی کی سربراہی میں قائم شیعہ حکومت پر ملک کی سنّی اقلیت کو دیوار سے لگانے اور انتقامی کاروائیوں کا نشانہ بنانے کا الزام عائد کرتے ہیں۔

عراق کے سنی مسلمان گزشتہ سال دسمبر سے حکومت کے خلاف ہفتہ وار احتجاجی مظاہرے کر رہی ہے جس کے باعث ملک میں فرقہ ورانہ کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔
XS
SM
MD
LG