رسائی کے لنکس

عراق: ہاتھ پاؤں بندھی 53 لاشیں برآمد


حکام کے مطابق تمام افراد کے ہاتھ پاؤں بندھے ہوئے تھے اور انہیں آنکھوں پر پٹیاں باندھنے کے بعد سینوں اور سر پر گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔

عراق میں سکیورٹی حکام نے ہاتھ پاؤں بندھی 53 لاشیں برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے جن کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی ہے۔

سکیورٹی حکام کے مطابق لاشیں بدھ کو جنوبی صوبے بابِل کے ایک شیعہ اکثریتی گاؤں خمیسیہ کے نزدیک سے برآمد ہوئی ہیں۔

حکام کے مطابق تمام افراد کے ہاتھ پاؤں بندھے ہوئے تھے اور انہیں آنکھوں پر پٹیاں باندھنے کے بعد سینوں اور سر پر گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق مرنے والوں میں دو بچے بھی شامل ہیں۔

بابل کے گورنر صادق مدلول نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ لاشیں بغداد سے جنوبی صوبوں کی طرف جانے والی مرکزی شاہراہ کے نزدیک حلہ نامی شہر سے 25 کلومیٹر کے فاصلے سے برآمد ہوئی ہیں۔

گورنر کے مطابق بظاہر ایسا لگتا ہے کہ ان افراد کو گاڑیوں کے ذریعے کہیں اور سے اس علاقے میں لایا گیا اور پھر گولیاں ماری گئیں۔ ان کے مطابق مرنے والوں کی شناخت اور مذہبی وابستگی کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔

خیال رہے کہ حالیہ مہینوں کے دوران عراق کے شیعہ اکثریتی جنوبی علاقوں میں سنی عسکریت پسندوں کی کارروائیاں تیز ہوگئی ہیں جن کے جواب میں علاقے میں شیعہ ملیشیائیں بھی سرگرم ہیں۔

خبر رساں ایجنسی 'رائٹرز' کے مطابق دیہی علاقوں میں سرگرم ان ملیشیاؤں سے وابستہ جنگجووں کی جانب سے دہشت گردی کے شبہ میں سنی افراد کو اغوا کرنے اور بعد میں ان کی لاشیں پھینکنے کے کئی واقعات پیش آچکے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ عراق کے شمالی اور مغربی علاقوں میں سنی شدت پسندتنظیم 'الدولۃ اسلامیۃ فی العراق والشام (داعش)' کے قبضے اور شیعہ افراد کے خلاف اس کی جارحانہ کارروائیوں کے بعد جنوبی علاقے میں شیعہ ملیشیاؤں کی جانب سے سنیوں کے خلاف جوابی کارروائیوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔

دوسری جانب عراق کے دوسرے بڑے شہر موصل اور بیشتر شمالی علاقے پر قابض سنی جنگجووں کے خلاف عراقی فوج کی کارروائی جاری ہے جب کہ بعض مقامات پر جنگجووں نے پیش قدمی کی ہے۔

'رائٹرز' کے مطابق بدھ کو موصل پر فوج کے فضائی حملوں کے نتیجے میں سات افراد ہلاک اور 18 زخمی ہوگئے ہیں۔

جنگجووں نے سرکاری فوج کے ساتھ لڑائی کے بعد بغداد سے 90 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع صوبے دیالہ کے قصبے صدور اور نزدیک واقع آبی بند پر قبضہ کرلیا ہے۔

مقامی اسپتال کے حکام کے مطابق جنگجووں کے ساتھ لڑائی میں چار فوجی اہلکار ہلاک اور چھ زخمی ہوگئے ہیں۔

پولیس کے مطابق بدھ کو دیالہ کے علاقے منصوریہ کی فوجی چھاؤنی پر 'داعش' کے جنگجووں کے حملے کے خلاف مزاحمت کرنے والے نو فوجی اہلکار بھی ہلاک ہوگئے ہیں جب کہ جھڑپوں میں 38 فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG