صومالیہ کے مرکزی علاقوں پنٹ لینڈ اور گلمڈوگ کی انتظامیہ کے درمیان امن معاہدے پر دستخط کے اگلے ہی دن جمعرات کو متحارب گروہوں کے درمیان دوبارہ لڑائی شروع ہوگئی ہے۔
صومالیہ کے مرکزی شہر گل کائیو میں موجود 'وائس آف امریکہ' کے نمائندے کا کہنا ہے کہ شہر میں جاری جھڑپوں کے دوران دونوں جانب سے فائرنگ کی جارہی ہے اور مارٹر گولوں کا تبادلہ بھی جاری ہے۔
حکام کے مطابق جھڑپوں میں اب تک کم سے کم 10 افراد ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔
بدھ کو ہونے والے معاہدے کے مطابق دونوں جانب کی انتظامیہ کے دستوں کو جمعرات کو اگلے مورچوں سے پیچھے ہٹنا تھا۔
گل کائیو کا شہر صومالیہ کے وسطی صوبے مڈوگ کا دارالحکومت ہے۔ صوبہ مڈوگ کے شمالی حصے پر پنٹ لینڈ کی ریاستی حکومت کی عمل داری ہے جب کہ صوبے کا جنوبی حصہ گلمڈوگ نامی ریاست کے زیرِ انتظام ہے۔
دونوں ریاستوں کے درمیان گل کائیو شہر کے بعض علاقوں کی ملکیت کا تنازع چلا آرہا ہے جس کے باعث شہر کی صورتِ حال گزشتہ کئی ہفتوں سے کشیدہ ہے۔
فریقین کے درمیان گزشتہ ہفتے ہونے والی جھڑپوں میں دونوں جانب کے 30 افراد مارے گئے تھے۔
صومالیہ کے صدر شیخ محمود نے شہر میں فریقین کے درمیان دوبارہ لڑائی چھڑ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بدقسمتی ہے کہ فریقین معاہدے کا احترام نہیں کر رہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم قمر عبدالرشید علی شرمارک اس وقت گل کائیو میں موجود ہیں اور متحارب گروہوں کے ساتھ الگ الگ اجلاس منعقد کرکے صورتِ حال کو بہتر کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔