رسائی کے لنکس

ورکنگ باؤنڈری پر فائرنگ کا تبالہ، 'ایک پاکستانی ہلاک'


سیالکوٹ میں پاک بھارت ورکنگ باؤنڈری
سیالکوٹ میں پاک بھارت ورکنگ باؤنڈری

پاکستانی حکام کے مطابق بھارت کی جانب سے مبینہ طور پر رات ساڑھے بارہ بجے فائرنگ کا آغاز ہوا جس میں بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا۔

پاکستان میں سکیورٹی حکام نے کہا ہے کہ بھارت کی سرحدی فورسز نے سیالکوٹ کے چاروا سیکٹر میں اتوار کو بلا اشتعال فائرنگ کی جس سے ایک شہری ہلاک اور چار زخمی ہو گئے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق ورکنگ باؤنڈری پر بھارت کی طرف سے ٹھٹھی اور ہڑپال نامی دیہاتوں میں فائرنگ کی گئی جس کے جواب میں پنجاب رینجرز نے بھی فائرنگ کی۔

پاکستانی حکام کے مطابق بھارت کی جانب سے مبینہ طور پر رات ساڑھے بارہ بجے فائرنگ کا آغاز ہوا جس میں بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا۔

فائرنگ سے ٹھٹھی گاؤں میں اقبال نامی ایک 45 سالہ شخص ہلاک ہوگیا جب کہ ہڑپال میں چار لوگ زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

بھارت کی طرف سے پاکستانی فورسز کے اس بیان پر فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

رواں ہفتے ہی سیالکوٹ میں ورکنگ باؤنڈری پر دونوں اطراف سے تقریباً دو روز تک وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہا تھا۔

اس دوران بھارت کا کہنا تھا کہ اس کا ایک فوجی ہلاک اور چار زخمی ہوئے جب کہ پاکستان کا موقف تھا کہ فائرنگ کے تبادلے میں اس کے دو فوجی زخمی ہوئے۔

گزشتہ برس بھی پاکستان اور بھارت کی سکیورٹی فورسز کے درمیان ورکنگ باؤنڈری پر فائرنگ کے تبادلے کے واقعات پیش آتے رہے۔

دونوں ہمسایہ ایٹمی قوتوں کے مابین متنازع علاقے کشمیر کو تقسیم کرنے والی حدبندی لائن پر بھی ایک دوسرے پر ایسے ہی الزامات عائد کیے جاتے رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG