کرائسٹ چرچ میں کھیلے جا رہے پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کی کھیل پر گرفت بظاہر کمزور ہوتی جا رہی ہے۔
ہفتہ کو میچ کے تیسرے دن مہمان ٹیم نے سات وکٹوں کے نقصان پر صرف 129 رنز بنائے تھے اور اسے نیوزی لینڈ پر محض 62 رنز کی برتری حاصل ہے۔
تیسرے دن کا کھیل جب ختم ہوا تو پاکستانی بلے باز اسد شفیق چھ اور سہیل خان 22 کے انفرادی اسکور کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔
اس ٹیسٹ میچ میں میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی لیکن پاکستانی بلے بازوں کی کارکردگی مایوس کن رہی اور پوری ٹیم پہلی اننگز میں 133 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
پہلی اننگز میں صرف کپتان مصباح الحق 31 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے تھے۔
لیکن پاکستانی باؤلروں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہر کیا اور نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم کو اس کی پہلی اننگز میں صرف 200 رنز ہی بنانے دیے۔
میزبان ٹیم کی طرف سے اپنے ٹیسٹ کریئر کا آغاز کرنے والے راوال 55 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے تھے۔
پاکستان کی طرف سے راحت علی نے چار جب کہ محمد عامر اور سہیل خان نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔
نیوزی لینڈ کی طرف سے اب تک گرانڈ ہوم مجموعی طور پر سات، بولٹ پانچ، ساوتھی تین اور واگنر دو وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔