بارش سے متاثرہ پہلے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 61 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں ایک۔صفر کی برتری حاصل کرلی۔ میچ کا فیصلہ ڈک ورتھ ۔لوئس میتھڈ کے تحت کیا گیا۔
ویلنگٹن میں پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے اپنے بولرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا جو گپٹل اور مونرو نے 83 رنز کا آغاز فراہم کرکے غلط ثابت کردیا۔ مونرو 58 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر حسن علی کی گیند پر وکٹ کیپر سرفراز کو کیچ دے بیٹھے۔
پاکستانی بولرز کا امتحان یہیں ختم نہیں ہوا، گپٹل نے نئے آنے والے بیٹسمین کین ولیم سن کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کی ساجھے داری میں 73 رنز جوڑ کراسکور 156 رنز تک پہنچا دیا، اس موقع پر گپٹل 48 رنز بنا کر ولیم سن کا ساتھ چھوڑ گئے۔
راس ٹیلر اور لیتھم پاکستانی بولرز کے سامنے زیادہ دیرنہ ٹھہرسکے اور بالترتیب 12 اور 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ اس صورتحال میں نکولس نے ولیم سن کا بھرپور ساتھ دیا اور تیزرفتار نصف سنچری اسکور کی۔
کین ولیم سن نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے کئی دلکش اسٹروکس کھیل کر اپنی سنچری مکمل کی جو ایک روزہ میچوں میں مجموعی طور پر اُن کی دسویں جبکہ پاکستان کے خلاف تیسری سنچری ہے۔
اس طرح نیوزی لینڈ کی ٹیم نے مقررہ پچاس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 315 رنز بنائے۔
پاکستان کی طرف سے حسن علی تین وکٹیں لے کر سب سے زیادہ کامیاب بولر رہے جبکہ محمد عامر، رومان رئیس، فہیم اشرف اور فخرزمان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
مشکل ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم کی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور صرف 6 رنز پر اظہر علی ساؤتھی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
وکٹیں گرنے کا سلسلہ یہیں نہ رکا اور ہر آنے والا بیٹسمین کیوی بولرز کے سامنے بے بس نظر آیا اور صرف 54 رنز پر پاکستان کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔ آؤٹ ہونے والے ٹاپ فائیو بیٹسمینوں میں صرف شعیب ملک 13رنز کے ساتھ ڈبل فیگر اسکور کرسکے۔
دوسری طرف فخرزمان نے پراعتماد بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابل تسخیر 82 رنز بنائے۔
پاکستان کا اسکور 6 وکٹوں پر 166رنز تھا اور 31ویں اوور کا کھیل جاری تھا کہ بادل گھِر کر آئے اور بارش کا ایسا سلسلہ شروع ہوا، جس نے تھمنے کا نام نہ لیا ، رم جھم کے بعد مزید کھیل ممکن نہ ہوسکااورڈک ورتھ۔ لوئس میتھڈ کے تحت نیوزی لینڈ کو 61 رنز سے فاتح قرار دے دیا گیا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ساؤتھی نے تین، بولٹ نے دو اور ایسٹل نے ایک وکٹ حاصل کی۔
شاندار سنچری پر کین ولیم سن کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
دوسرا ون ڈے 9 جنوری کو نیلسن میں کھیلا جائے گا۔
کراچی —
مقبول ترین
1