رسائی کے لنکس

امریکی شہرڈینور میں ایک روز قبل فائرنگ سےپانچ افراد کی ہلاکت کے واقعے کی تحقیقات جاری


فائرنگ کے واقعے کی تفتیش جاری ہے۔ تصویر میں تفتیشی پولیس کا اہلکار ایک مصروف شاپنگ مال کے ایک سٹور کی کھڑکی سے فائرنگ واقعے کے شواہد اکٹھے کر رہا ہے۔
فائرنگ کے واقعے کی تفتیش جاری ہے۔ تصویر میں تفتیشی پولیس کا اہلکار ایک مصروف شاپنگ مال کے ایک سٹور کی کھڑکی سے فائرنگ واقعے کے شواہد اکٹھے کر رہا ہے۔

امریکی ریاست کولوراڈو کے شہر ڈینور میں پیر کے روز کاروباری مراکز میں فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ واقعے میں چار افراد ہلاک اور تین زخمی ہوئے تھے، جن میں ایک پولیس اہل کار بھی شامل تھا۔ بعد ازاں پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں مبینہ طور پر فائرنگ کرنے والا مسلح شخص بھی ہلاک ہو گیا تھا۔

مقامی پولیس نے بتایا ہے کہ پیر کی رات لیک ووڈ کے مضافاتی علاقے کی ایک مارکیٹ میں پولیس کا مشتبہ مسلح شخص کے ساتھ سامنا ہوا اور گولیوں کے تبادلے میں وہ مارا گیا۔

پولیس نے کہا کہ وہ اس بارے میں تفتیش کر رہی ہے کہ کاروباری علاقوں میں فائرنگ کرنے کا سبب کیا تھا۔

ڈینور پولیس کے سربراہ پال پازن نے ایک نیوز کانفرنس میں بتایا، "ہمیں کھوج لگانے اور یہ جاننے کی ضرورت ہے کہ اس واقعے کے پیچھے کیا مقصد تھا۔"

فائرنگ شام 5 بجے کے فوراً بعد شروع ہوئی۔ پازن نے کہا کہ براڈوے کے ساتھ وسطی ڈینور میں ایک مصروف سڑک پر، جہاں دکانیں، شراب خانے اور ریستوران واقع ہیں، فائرنگ سے دو خواتین ہلاک اور ایک مرد زخمی ہوا۔

منگل کو وہاں ہلاک ہونے والوں کی یاد میں موم بتیاں روشن کی گئیں تھیں اور پھولوں کے گلدستے رکھے گئے تھے۔

فائرنگ سے ہلاک ہونے والے مقام پر ایک گلدستہ نظر آ رہا ہے۔ 28 دسمبر 2021
فائرنگ سے ہلاک ہونے والے مقام پر ایک گلدستہ نظر آ رہا ہے۔ 28 دسمبر 2021

پولیس کے سربراہ نے بتایا کہ فائرنگ کے اس واقعہ کے کچھ ہی دیر کے بعد مشتبہ مسلح شخص کو ایک دوسرے مقام پر گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل مسلح شخص نے ڈینور ہیلتھ اسپتال کے قریب ایک اور مصروف علاقے میں بھی گولیاں چلائی تھیں، لیکن کوئی زخمی نہیں ہوا۔

پولیس سربراہ نے کہا، بعد میں، ڈینور پولیس نے اس گاڑی کا پیچھا کیا جس کے بارے میں خیال تھا کہ وہ فائرنگ میں ملوث ہے۔ پولیس کا گاڑی میں موجود شخص کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا، لیکن مشتبہ شخص پولیس کی کار کو "ناکارہ" کرنے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا اور لیک روڈ کی جانب چلا گیا۔

پولیس ترجمان جان رومیرو نے بتایا کہ شام 6 بجے کےقریب لیک ووڈ پولیس ڈیپارٹمنٹ کو لیک ووڈ میں ایک سٹور پر گولیاں چلنے کی اطلاع ملی۔

رومیرو نے کہا کہ گولی کا نشانہ بننے والا شخص موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔

جب پولیس اہل کار بیلمار شاپنگ ایریا میں مشکوک کار کی اطلاع ملنے پر وہاں پہنچے تو مشتبہ شخص نے ان پر فائر کھول دیا، جس کا جواب پولیس نے بھی فائرنگ سے دیا۔

ترجمان رومیرو نے بتایا کہ اس کے بعد مسلح حملہ آور پیدل فرار ہو کر ایک ہوٹل میں گھس گیا اور وہاں ہوٹل کے ایک کلرک کو گولی مار دی، جسے فوری طور پر اسپتال پہنچا دیا گیا۔ کلرک کی حالت کے متعلق کچھ معلوم نہیں ہے۔

ہوٹل سے نکلنے کے بعد مسلح شخص نے ایک پولیس اہل کار کو گولی مار دی۔ زخمی اہل کار کی پیر کی رات کو سرجری کی گئی، تاہم اس کی حالت کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے۔

رومیرو نے بتایا کہ افسر کے زخمی ہونے کے بعد، پولیس اور مشتبہ شخص کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں وہ ہلاک ہو گیا۔ فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا آیا وہ پولیس اہلکاروں کی گولی سے ہلاک ہوا ہے۔

منگل کے روز پولیس اس علاقے میں تفتیش کرتی رہی جہاں مشتبہ شخص نے گولیاں چلائیں تھیں، جس سے کئی دکانوں کی کھڑکیوں، اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا تھا۔

(خبر کا مواد اے پی سے لیا گیا ہے)

XS
SM
MD
LG