امریکہ میں پر تشدد جرائم میں اضافے کے ساتھ ملک میں2019 کے مقابلے میں گزشتہ سال قتل کے واقعات میں 30 فیصد ضافہ ہوا۔
وفاقی تفتیشی ادارے، ایف بی آئی نےجرائم کی سالانہ رپورٹ میں بتایا ہے کہ پھچلے سال ملک میں 13 لاکھ پر تشدد واقعات ریکارڈ کیے گئے جو 2019 کے مقابلے میں 5.6 فیصد زیادہ ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چار سالوں میں ایسا پہلی بار ہوا کہ پر تشدد واقعات کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ ملک میں قتل کی 18,000 وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔
ایف بی آئی کی رپورٹ میں قتل اور فائرنگ کے واقعات میں اضافہ نوٹ کیا گیا ہے اور کہا ہے کہ قتل کے ہر تین میں سے دو واقعات میں اموات فائرنگ سے ہوئیں۔
ملک میں جائداد کی نوعیت کے جرائم کی تعداد 64 لاکھ رہی، جو اس سے گزشتہ سال سے 7.8 فیصد کم رہی۔
امریکہ میں مسلسل 18 سال سے جائداد کے باعث ہونے والے جرائم میں کمی ہوتی آ رہی ہے۔
ایف بی آئی نے کہا کہ اگرچہ ملک میں قتل کے واقعات میں اضافہ ہوا، ڈاکے ڈالنے کی وارداتوں میں 9.3 فیصد کمی آئی۔ اس کے علاوہ ریپ کے واقعات میں 12 فیصد کمی ہوئی۔ لیکن،جارحانہ حملے 12.1 کی شرح سے بڑھ گئے۔
چوری کے واقعات میں7.4 فیصد کمی ہوئی جب کہ موٹر گاڑیوں کی چوری میں 11.8 فیصد اضافہ ہوا۔
مجموعی طور پر جائداد کے باعث ہونے والے جرائم کے نتیجے میں 17.5 ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے 76 لاکھ افراد کو گرفتار کیا جن میں ٹریفک کی خلاف ورزیاں کرنے والے لوگ شامل نہیں۔