بولان: 12 انچ قطر کی گیس پائپ لائن سیلاب میں بہہ گئی
سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے بدھ کو جاری ایک اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بولان بی بی نانی کے مقام پر گیس پائپ لائن ریلے میں بہنے سے کوئٹہ، مستونگ، قلات، پشین اور بلوچستان کے دیگر علاقوں کو گیس کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق سوئی سدرن گیس کمپنی کی ٹیمیں بحالی کی کوششوں کے لیے جائے وقوع پر روانہ ہوگئی ہیں۔
واضح رہے کہ اسی مقام پر 19 اگست کو 24 انچ قطر کی گیس پائپ لائن کو سیلاب سے نقصان پہنچا تھا جس کی بحالی کا کام مسلسل بارشوں کے باعث تا حال مکمل نہیں ہو سکا ہے۔
خیبرپختونخوا: ہزاروں ایکڑ پر فصلیں متاثر، سینکڑوں مویشی ہلاک
خیبرپختونخوا میں حالیہ مون سون بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں متاثر ہوئی ہیں جب کہ سینکڑوں مویشی بھی ہلاک ہو گئے ہیں۔
صوبائی محکمۂ زراعت اور لائیو اسٹاک کے حکام کے مطابق اب تک 14 ہزار 394 ایکڑ پر 12 اقسام کی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے جب کہ 1261 مویشی ہلاک ہوگئے ہیں۔
محکمۂ زراعت کے ڈائریکٹر کراپس رپورٹنگ محمد کلیم کا کہنا ہے کہ فصلیں اور سبزیاں پانی کی نذر ہوجانے سے کسانوں کو تین ارب 66 کروڑ 27 لاکھ روپے سے زیادہ کا نقصان ہوا ہے۔
ادھر محکۂ لائیو اسٹاک کے ڈائریکٹر جنرل عالم زیب خان نے بتایا کہ صوبے کے مختلف اضلاع میں 1261 مویشی اور تین ہزار 711 مرغیاں ہلاک ہوئیں جب کہ 65 جانوروں کے شیڈز مکمل اور 84 کو جزوی نقصان پہنچا۔
خیبرپختونخوا میں سیلابوں سے اب تک 79 افراد ہلاک
خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت نے 15 جون سے 24 اگست تک ہونے والی بارشوں اور سیلاب کے نقصانات کی رپورٹ جاری کردی ہے۔
رپورٹ کے مطابق سیلاب کے باعث اب تک 79 افراد ہلاک ہوئے ہیں جب کہ 142 افراد زخمی ہیں۔
صوبائی حکومت کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سیلاب سے مجموعی طور پر چھ ہزار 277 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔
رپورٹ کے مطابق حکومت کی جانب سے مجموعی طور پر 10 کروڑ 90 لاکھ روپے کا مالی ریلیف فراہم کیا ہے۔
لینڈسلائیڈنگ سے سوات ایکسپریس وے پلائی کے مقام پر جزوی طور پر بند
نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے بتایا ہے کہ سوات ایکسپرے وے کو لینڈسلائیڈنگ کی وجہ سے پلائی کے مقام پر جزوی طور پر بند کردیا گیا ہے۔
ترجمان نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے مطابق سڑک بند ہونے کی وجہ سے اسلام آباد اور پشاور سے آنے والی ٹریفک کو پلائی انٹرچینج سے آؤٹ کرایا جا رہا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سوات سے آنے والی ٹریفک چکدار کے مقام پر روک دی گئی ہے جب کہ سڑک کی صفائی کا کام بھی شروع کردیا گیا ہے۔
انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ وہ موسمی حالات کے پیشِ نظر غیرضروری سفر سے گریز کریں۔