پاکستان میں سیلاب: ہلاکتیں 1265 تک پہنچ گئیں
پاکستان میں حکام کے مطابق بارشوں اور سیلاب کے بعد ہلاک ہونے والوں کی تعداد 1265 تک پہنچ گئی ہے جب کہ زخمیوں تعداد بھی 1200 سے زائد ہے۔
اسلام آباد میں ہفتے کو نیشنل فلڈ رسپانس اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر کے اجلاس کے بعد حکام نے میڈیا کو بتایا کہ بارشوں اور سیلاب سے اب تک ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تعداد بچوں کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سیلاب سے پانچ ہزار 563 کلومیٹر سڑکیں، 243 پل، 14 لاکھ گھر، سات لاکھ 35 ہزار سے زائد لائیو اسٹاک کا نقصان ہوا ہے۔
نیشنل فلڈ رسپانس اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر کا پہلا اجلاس
پاکستان میں سیلاب کی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے قائم کیے گئے نیشنل فلڈ رسپانس اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر (این ایف آر سی سی) کا پہلا اجلاس ہفتے کو منعقد ہوا۔
اسلام آباد میں ہونے والے اس اجلاس میں این ایف آر سی سی کے نائب چیئرمین اور وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال، چیئرمین این ڈی ایم اے، این ایف آر سی سی کے نیشنل کوآرڈینیٹر اور ڈی جی آئی ایس پی آر نے شرکت کی۔
اجلاس میں ملک میں بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں اور ریلیف ورک کا جائزہ لیا گیا۔
فرانس کی پاکستانی سیلاب متاثرین کے لیے امداد
سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے فرانس کی جانب سے بھیجی گئی امداد پاکستان پہنچ گئی ہے۔
پاکستان کے وزیرِ صحت عبدالقادر پٹیل نے اس امداد کو وصول کیا۔ اس موقع پر پاکستان میں فرانس کے سفیر بھی موجود تھے۔