رسائی کے لنکس

سیلاب متاثرین علاقوں میں وبائی امراض سے ہزاروں افراد متاثر، امداد کے لیے احتجاج

سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں میں وبائی امراض تیزی سے پھیلنے لگے۔ رپورٹس کے مطابق وبائی امراض کے سبب اب تک 12 ہزار افراد کو سانس، سینے اور دمے کے عوارض کے ادویہ فراہم کی گئی ہیں۔ دوسری جانب سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں میں امداد نہ ملنے پر احتجاج اور مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔

17:17 4.9.2022

افغانستان سے پیاز اور ٹماٹر کی درآمد کا سلسلہ جاری

طورخم بارڈر پر تجارت کا سلسلہ جاری
طورخم بارڈر پر تجارت کا سلسلہ جاری

پاکستان کے پڑوسی ملک افغانستان سے طور خم کے راستے پیاز اور ٹماٹر کی درآمدات کا سلسلہ جاری ہے۔

کسٹم حکام کے مطابق گزشتہ چار دنوں میں 222 ٹرکوں پر مشتمل چھ ہزار میٹرک ٹن ٹماٹر درآمد کیے گئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ افغانستان سے 308 ٹرکوں کے ذریعے نو ہزار میٹرک ٹن پیاز بھی ملک میں درآمد کیا گیا ہے۔

وفاقی حکومت نے سیلاب کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتِ حال کو مدِ نظر رکھتے ہوئے افغانستان اور ایران سے پیاز اور ٹماٹر کی درآمدات پر ڈیوٹی معاف کر دی ہے۔

اس ضمن میں طور خم سرحد پر پیاز اور ٹماٹر سے لدھے ٹرکوں کی کلیئرنس کے لیے کسٹم کا عملہ دن رات تعینات ہے۔

حکام کا دعویٰ ہے کہ افغانستان سے ڈیوٹی فری درآمد کےباعث ملک میں پیاز اور ٹماٹر کی قیمتوں میں کمی آ رہی ہے۔

17:11 4.9.2022

17:08 4.9.2022

ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں ہزاروں افراد ڈائریا کا شکار

سیلاب کی وجہ سے جنوبی پنجاب کے دو اضلاع ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں ہزاروں افراد ڈائریا اور دیگر بیماریوں میں مبتلا ہو گئے ہیں۔

مقامی افراد کے مطابق ان بیماریوں میں مبتلا ہونے والے مریضوں میں بچوں کی تعداد زیادہ ہے۔

مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ ان دونوں اضلاع میں 18 ہزار 854 افراد ڈائریا میں مبتلا ہوئے ہیں جو میڈیکل کیمپوں میں زیرِ علاج ہیں۔

حکام کے مطابق 35 ہزار سے زائد افراد جلد کی بیماریوں جب کہ 20 ہزار افراد بخار میں مبتلا ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جنوبی پنجاب میں 86 ہزار سے زائد افراد نے میڈیکل کیمپوں کا دورہ کیا۔

17:06 4.9.2022

پانی کا دباؤ، منچھر جھیل میں باغِ یوسف کے مقام پر کٹ لگا دیا گیا

منچھر جھیل
منچھر جھیل

سندھ میں واقع ملک کی سب سے بڑی منچھر جھیل میں سیلابی پانی کے سبب بڑھنے والے دباؤ کی وجہ سے آر ڈی 14 کے مقام پر کٹ لگا دیا گیا ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ صورتِ حال کو دیکھتے ہوئے منچھر جھیل میں کٹ لگایا گیا ہے۔

محکمۂ آب پاشی کے مطابق منچھر جھیل میں کٹ لگانے سے پانی گاؤں کرن پور اور انڈس لنک کے درمیان سے ہوتا ہوا دریائے سندھ میں گرے گا۔

ان علاقوں میں آباد شہریوں کو پہلے ہی علاقہ خالی کرنے کے احکامات جاری کیے جا چکے تھے البتہ یہ واضح نہیں ہے کہ سرکاری طور پر لوگوں کی نقل مکانی میں مدد کے لیے کسی قسم کے اقدامات کیے گئے تھے یا نہیں۔

حکام کے مطابق منچھر جھیل میں کٹ لگانے سے پانی کے دباؤ میں 30 فی صد تک کمی کا امکان ہے۔

خیال رہے کہ جھیل میں پانی کی سطح بلند ہونے کی وجہ سے بند ٹوٹنے کا خطرہ پیدا ہو گیا تھا۔

حکام نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ بند ٹوٹنے کی صورت میں قریبی شہر سیہون کے کچھ علاقے ڈوب سکتے ہیں۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG